عمران خان کی بہنوں کو آج بھی ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، علیمہ خان نے دھرنا دے دیا

منگل 23 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے آج بھی فیملی رہنماؤں اور وکلا کو ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی، جس کے خلاف علیمہ خان نے کارکنوں کے ساتھ جیل کے قریب دھرنا دے دیا۔

پولیس انتظامیہ نے دھرنے کے مقام پر تمام لائٹس بند کر دیں، جس کے باعث پورے علاقے میں شدید اندھیرا چھا گیا۔ اس صورتحال پر پی ٹی آئی ورکرز نے نعرے بازی شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان سے ملاقات کے دن اڈیالہ جیل کے باہر کیسا ماحول ہوتا ہے؟

آج دھرنے میں کارکنوں کی تعداد بہت کم ہے اور صرف چند درجن افراد ہی موجود ہیں، جبکہ چند خواتین بھی علیمہ خان، نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ کے ساتھ دھرنے میں شریک ہیں۔

منگل کو فیملی ارکان اور وکلا کی ملاقات کا دن ہوتا ہے، تاہم حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کررکھی ہے، اس سے قبل دو بار عمران خان کی بہنوں اور کارکنوں کا دھرنا واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے ختم کرایا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان سے ملاقات نہ کروا کر ہمارا آئینی و قانونی حق چھینا جا رہا ہے۔

احتجاج کی کال دی جائے گی تو نمائندگی کون کرے گا؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ تو آپ پی ٹی آئی سے پوچھیں ہم تو یہاں اپنی ملاقات کے لیے بیٹھے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp