جاپان کے تعاون سے ہزارہ میں جدید آئی کیئر سہولت کا قیام، موتیا کے آپریشن کی سہولت فراہم

منگل 23 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان کی حکومت کے مالی تعاون سے خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں جدید آئی کیئر سہولت قائم کر دی گئی، جہاں موتیا (کیٹاریکٹ) کے آپریشن سمیت آنکھوں کے مختلف امراض کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

جاپان کے سفیر برائے پاکستان اکاماتسو شوئیچی نے منگل 23 دسمبر 2025 کو آئی کیئر فیسلٹی کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ لوک سدھار ایسوسی ایشن نے مکمل کیا، جو ایک غیر سرکاری تنظیم ہے اور گزشتہ 25 برس سے پسماندہ علاقوں میں صحت اور سماجی ترقی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: جاپانی سفیر کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

یہ منصوبہ حکومتِ جاپان کے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سکیورٹی پروجیکٹس پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا، جس کے لیے 2024 میں 51 ہزار 407 امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ اس رقم سے نہ صرف آئی کیئر فیسلٹی کی تعمیر کی گئی بلکہ آنکھوں کے امراض کی تشخیص اور موتیا کے آپریشن کے لیے جدید طبی آلات بھی فراہم کیے گئے۔

افتتاحی تقریب میں جاپانی سفارت خانے کے حکام، لوک سدھار ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبران اور مقامی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس منصوبے سے تحصیل حویلیاں اور گرد و نواح کے تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد ایک سال کے دوران تقریباً 30 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ 1,260 سے زائد موتیا کے آپریشن کامیابی سے انجام دیے گئے۔ اس سہولت سے بزرگ اور کمزور مریضوں کو بڑے شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں رہی، جس سے ان پر مالی اور جسمانی بوجھ میں نمایاں کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: جاپان پاکستان کو مختلف منصوبوں کے لیے کتنی امداد دے گا؟

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر لوک سدھار ایسوسی ایشن کو مبارکباد دی اور کہا کہ سستی اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی جاپان کی پاکستان کے لیے امدادی پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ جاپان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp