پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق پارٹی کے اندر اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے واضح کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پارٹی میں کسی قسم کا اختلاف موجود نہیں اور جان بوجھ کر کنفیوژن پھیلائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا اہم فیصلہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کی راہ ہموار
عامر ڈوگر نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 76 اراکینِ قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر محمود خان اچکزئی کے نام کی ریکوزیشن اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرا دی ہے، جسے تمام اراکین من وعن تسلیم کرتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کی تقرری کےلئے عامر ڈوگر کی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات، سپیکر نے جواب دیا ہر کام آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔۔!! pic.twitter.com/JRHzDhlmM6
— Khurram Iqbal (@khurram143) January 5, 2026
واضح رہے کہ عامر ڈوگر نے ایک روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی اور اپوزیشن لیڈر کے فوری تقرر کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ اسپیکر کا مؤقف ہے کہ اپوزیشن کے اپنے ہی ارکان محمود خان اچکزئی کے نام پر اختلاف رکھتے ہیں۔
اس ضمن میں بیرسٹر عقیل ملک کی جانب سے بھی یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان چاہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر انہیں کیوں نہیں نامزد کیا گیا۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، انہوں نے واضح کیا کہ جن 76 اراکین نے دستخط کر کے محمود خان اچکزئی کو بطور اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی کی سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش
’وہ سب یہ فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کر چکے ہیں اور پارٹی میں کوئی ایک بھی رکن ایسا نہیں جو اس فیصلے کی مخالفت کرتا ہو۔‘
عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اندر اختلافات کی خبریں دراصل جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ اپوزیشن لیڈر کے تقرر میں تاخیر کی جا سکے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اگر اسپیکر کے سامنے یہ مطالبہ دوبارہ بھی دہرایا جاتا ہے اور پھر بھی تقرری نہیں ہوتی، تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ حکومت خود اس تقرر میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، اسی لیے ایسی خبریں سامنے لائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کل ایک بار پھر اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا مطالبہ دہرائے گی۔













