جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات اور ریفرنڈم میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
مزید پڑھیں: ‘منصوبہ بند انتخابات قبول نہیں کیے جائیں گے،’ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا انتباہ
جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا ایک ورچوئل اجلاس اتوار کی دوپہر پارٹی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔
پارٹی کے مرکزی شعبہ نشرواشاعت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب امرا، سیکریٹری جنرل و سابق رکنِ پارلیمنٹ میاں غلام پرور، اسسٹنٹ سیکریٹریز جنرل، ایگزیکٹو کونسل کے ارکان اور مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نومنتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، جس کی توثیق امیر جماعت ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کرائی۔
اجلاس میں آئندہ تیرہویں قومی پارلیمانی انتخابات اور ممکنہ ریفرنڈم کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
مرکزی مجلسِ شوریٰ نے حکومت اور الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔
جماعت اسلامی نے مطالبہ کیاکہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ جانبداری سے گریز کیا جائے، غیر قانونی اسلحہ واپس لیا جائے اور نامزد مجرموں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے تاکہ انتخابی عمل شفاف، آزاد اور قابلِ اعتماد ہو۔
مزید پڑھیں: کرپشن اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا عزم
اجلاس میں جماعت کے رہنماؤں اور کارکنان سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ صبر، استقامت اور دانشمندی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں تاکہ ایک انسانی، پرامن اور محفوظ بنگلہ دیش کی تعمیر ممکن ہو سکے۔














