بھارت کے وفاقی زیرِ انتظام خطے دامَن میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک تیندوا نانی دامَن کے مصروف مارکیٹ ایریا میں واقع مٹھائی کی دکان میں داخل ہو گیا۔ محکمہ جنگلات کے عملے نے تقریباً 10 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد تیندوے کو بحفاظت قابو کر لیا۔
محکمہ جنگلات کے مطابق منگل کے روز صبح تقریباً 11:30 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک تیندوا نانی دامَن کے بازار میں واقع مٹھائی کی دکان میں گھس آیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور جنگلاتی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر عوام کی آمد و رفت بند کر دی گئی۔
عمارت کی تیسری منزل پر موجود تھا تیندوا
ریسکیو آپریشن کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تیندوا عمارت کی تیسری منزل کی سیڑھیوں پر بیٹھا ہوا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے جانور کو قابو میں لانے کے لیے ٹرانکولائزنگ گنز، جال اور پنجرہ استعمال کیا۔ تاہم تیندوا خاصا جارحانہ تھا اور اس نے متعدد بار جنگلاتی اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیے پنجرا خونخوار تیندوے کے لیے تھا پھنس پردیپ گیا لیکن کیسے؟
آپریشن کے دوران محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار معمولی زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دیگر ریاستوں سے مدد طلب
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر گجرات کے ولساڑ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کیا گیا۔ مہاراشٹر کے دھانو سے ریپڈ ریسکیو ٹیم طلب کی گئی۔ بعد ازاں دھانو کی ٹیم نے تیندوے کو ٹرانکولائز ڈارٹ کے ذریعے بے ہوش کیا اور پھر اسے پنجرے میں منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے راولپنڈی: تین لوگوں کو زخمی کرنے والا تیندوا بالآخر پکڑا گیا
ریسکیو آپریشن کے دوران ضلع کلکٹر سوربھ مشرا سمیت دیگر سینئر حکام بھی موقع پر موجود رہے اور پوری کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔
حکام کے مطابق تیندوا گزشتہ دو دنوں سے دامَن کے شہری علاقوں میں دیکھا جا رہا تھا۔ مٹھائی کی دکان میں داخل ہونے سے قبل پیر کی شب اسے دھوبی تالاب کے قریب بھی دیکھا گیا تھا۔













