.
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے پاکستان کو ’فٹبال کا ایک عظیم ملک‘ قرار دیتے ہوئے جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر انفانٹینو نے یہ بات پی ٹی وی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی کھیل کے میدان میں تاریخی کامیابی، رکن اسمبلی آمنہ بتول کو فیفا میں عہدہ مل گیا
’میں حقیقتاً بہت جلد پاکستان آؤں گا، میں نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے وعدہ کیا ہے، کیونکہ اب پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے صدر ہیں جو شاندار کام کر رہے ہیں۔‘
فیفا کے صدر کے مطابق پاکستان کو یقینی طور پر ایشیا میں سب سے اوپر لے جانا ہے۔ ’شکریہ، ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔‘
High praise for Pakistan football from FIFA President Gianni Infantino!
via Pakistan Tv pic.twitter.com/XodmwOAvWb
— Muneeb Farrukh (@Muneeb313_) January 22, 2026
پاکستان اور فیفا کے تعلقات گزشتہ برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں۔
گزشتہ ماہ فیفا نے پاکستانی قانون ساز سیدہ آمنہ بتول کو اپنے انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی میں شامل کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ سے پہلے ہی شائقین کا طوفان، فیفا کو ٹکٹوں کی تاریخ ساز ڈیمانڈ کا سامنا
فیفا کے سینیئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ نے نومبر 2025 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اپنے 3 روزہ دورے کے دوران انہوں نے پاکستانی فٹبال حکام اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر تبادلۂ خیال کیا۔
پاکستان کے نوجوانوں میں فٹبال طویل عرصے سے مقبول رہا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں بین الاقوامی لیگز میں بڑھتی دلچسپی کے باعث نچلی سطح پر اس کھیل میں شرکت میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ 2026: مہنگے ٹکٹوں پر فیفا صدر کا دفاع، ریکارڈ مانگ کا دعویٰ
بڑے شہروں میں مقامی ٹورنامنٹس، اسکول مقابلے اور کمیونٹی کلبز نے بھی فٹبال کے شوق کو مزید فروغ دیا ہے۔
تاہم دیگر کھیلوں کی طرح فٹبال بھی کرکٹ کے سائے میں موجود ہے۔ کئی دہائیوں سے کرکٹ ہی پاکستان کا سب سے مقبول اور منافع بخش کھیل رہا ہے۔













