گوگل کا یاہو اور آؤٹ لک کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: دہائیوں پہلے دنیا کو چیٹنگ کے ذریعے جوڑنے والی کمپنی اے او ایل کا انٹرنیٹ باب بند ہوگیا
گوگل کی ای میل سروس جی میل دنیا بھر میں اربوں صارفین استعمال کرتے ہیں اور یہ ذاتی و پیشہ ورانہ رابطے کا ایک مؤثر ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران جی میل میں اسپیم پروٹیکشن، بہتر سرچ اور دیگر کئی جدید سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔
گوگل نے سنہ 2016 میں جی میلیفائی کے نام سے ایک فیچر متعارف کرایا تھا جس کا مقصد یاہو، آؤٹ لک، ہاٹ میل اور اے او ایل جیسے دیگر ای میل سروسز استعمال کرنے والے صارفین کو بغیر ای میل ایڈریس تبدیل کیے جی میل کی نمایاں سہولیات فراہم کرنا تھا۔
تاہم اب گوگل نے اعلان کیا ہے کہ جی میلیفائی فیچر کو جنوری 2026 تک مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے گوگل نے صارفین کو باقاعدہ نوٹیفکیشنز بھیجنا بھی شروع کر دیے ہیں۔
جی میلیفائی کیا سہولیات فراہم کرتا تھا؟
جی میلیفائی کے ذریعے صارفین اپنی تمام ای میلز جی میل ایپ کے اندر ہی منظم کر سکتے تھے جہاں انہیں بہتر اسپیم فلٹرنگ، ان باکس کیٹیگریز (جیسے پروموشنز اور سوشل) اور موبائل پر مؤثر نوٹیفکیشنز جیسی سہولیات حاصل تھیں۔
دیگر اکاؤنٹس سے ای میل حاصل کرنے کی سہولت بھی ختم
گوگل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ’چیک میل فرام ادر اکاؤنٹس‘ فیچر کی سپورٹ بھی ختم کر رہا ہے جو پوسٹ آفس پروٹوکول کے ذریعے دیگر ای میل سروسز سے پیغامات حاصل کرتا تھا۔ اس تبدیلی کے بعد جی میل دیگر فراہم کنندگان سے براہ راست نئی ای میلز حاصل نہیں کرے گا۔
مزید پڑھیے: گوگل پکسل فون کے ایک فیچر سے کالز لیک ہونے کا خدشہ
البتہ جو ای میلز پہلے سے درآمد کی جا چکی ہیں وہ صارفین کو دستیاب رہیں گی تاہم پوسٹ آفس پروٹوکول کے ذریعے مزید نئی ای میلز موصول نہیں ہوں گی۔
متبادل کیا ہوگا؟
گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر جی میل ایپ کے ذریعے صارفین اب بھی تھرڈ پارٹی ای میل اکاؤنٹس کو آئی ایم اے پی کے ذریعے استعمال کر سکیں گے تاہم اس صورت میں جی میل کی مخصوص سہولیات جیسے ان باکس کیٹیگریز اور مضبوط اسپیم کنٹرول دستیاب نہیں ہوں گے۔
ویب صارفین کے لیے گوگل نے آٹو فارورڈنگ کو متبادل حل کے طور پر تجویز کیا ہے۔ اگر متعلقہ ای میل سروس یہ سہولت فراہم کرتی ہو تو نئی ای میلز براہ راست جی میل کے مرکزی ان باکس میں موصول ہو سکیں گی۔
مزید پڑھیں: گوگل کی اے آئی نے جانیں خطرے میں ڈال دیں، غلط طبّی معلومات پر کارروائی
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں صارفین کے لیے ای میل سروس کو مزید محفوظ اور جدید بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں تاہم جی میلیفائی استعمال کرنے والے صارفین کو اب متبادل انتظامات کرنے ہوں گے۔














