پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے موٹر وہیکلز ترمیمی بل 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے میں کم عمر افراد کی موٹرسائیکل چلانے سے متعلق پالیسی میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔
منظور شدہ بل کے مطابق 16 سال کی عمر کے بچوں کو موٹرسائیکل چلانے کی اجازت دینے کی راہ ہموار کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: دوران عید کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
کمیٹی اجلاس میں 16 سال کی عمر میں موٹرسائیکل چلانے کی اجازت کی تجویز منظور کی گئی، جبکہ نابالغ موٹر سائیکل سواروں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ 16 سے 18 سال کی عمر کے موٹرسائیکل سواروں کے لیے ایک الگ اور باقاعدہ قانونی نظام تشکیل دیا جائے گا۔
مجوزہ قانون کے تحت جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی جاری کرے گی، جبکہ موٹرسائیکل چلانے کے لیے مخصوص شرائط، نگرانی کے طریقہ کار اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو لازمی قرار دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: غیرقانونی رکشوں، اسٹینڈز اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
حکومتی مؤقف کے مطابق اس قانون سازی کا بنیادی مقصد بغیر لائسنس کم عمر ڈرائیونگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام، سڑکوں پر تحفظ کو یقینی بنانا اور ٹریفک حادثات میں کمی لانا ہے۔
اس ترمیم کے تحت موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 میں تبدیلی کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔
قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد اب یہ بل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں منظوری ملنے کی صورت میں اسے باضابطہ قانون کی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔













