آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں کلین سویپ، وزیراعظم اور صدر کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

اتوار 1 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں کلین سویپ پر مبارکباد دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تیسرا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 111 رنز سے شکست دے کر 7 سال بعد سیریز میں وائٹ واش کرلیا

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم، ٹیم مینجمنٹ اور پوری قوم کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاندار کلین سویپ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس نے سیریز کے تمام میچز میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں غیر معمولی مہارت، جذبہ اور نظم و ضبط کا ثبوت دیا۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی کو کھلاڑیوں کی مسلسل محنت، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ رویے کا نتیجہ قرار دیا۔

شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، ٹیم مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ بھی اسی طرح کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ملک کا نام روشن کرتی رہے گی۔

پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے والی کامیابی حاصل کی، صدر مملکت

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے بھی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کی مسلسل کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی20 سیریز میں کلین سویپ قومی ٹیم کی اجتماعی محنت اور پیشہ ورانہ تیاری کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ  2026، پاکستانی ٹیم کی آفیشل کٹ کی رونمائی کردی گئی

 صدر کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے میدان میں ذمہ داری، ہم آہنگی اور اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے والی کامیابی حاصل کی۔

صدر آصف علی زرداری نے اس کامیابی پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور بالخصوص چیئرمین محسن نقوی کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی یہ شاندار کارکردگی ملک کے لیے خوشی اور حوصلے کا باعث ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp