عمران خان سے آج بھی کسی کی ملاقات نہ ہوسکی، بہنوں نے پھر بڑا مطالبہ کردیا

منگل 24 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے آج بھی کسی کی ملاقات نہیں ہو سکی۔

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آج بشریٰ بی بی کی بھابھی ان سے ملاقات کے لیے آئی ہیں، اور عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ انہیں نظر نہیں آ رہا اور ان کے ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی دی جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان رہائی فورس کے خدوخال پر غور ہوگا، پارٹی کسی ملیشیا پر یقین نہیں رکھتی، بیرسٹر گوہر

اڈیالہ روڈ کے داہگل ناکہ پر دھرنا ختم کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ ہم نے درخواست کی ہے کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے کیونکہ ان کا طبی ڈیٹا ان کے ذاتی ڈاکٹروں کے پاس ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی مانیٹرنگ درست طریقے سے نہیں ہو رہی اور ان کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ پہلے کہا گیا کہ 2 ڈاکٹرز جیل بھیجے جائیں، پھر محسن نقوی سے کانفرنس کال کی گئی، کانفرنس کال میں شامل افراد خود وضاحت کریں۔

انہوں نے بتایا کہ محسن نقوی نے ضمانت دی کہ عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کیا جائے گا، مگر سرکاری ڈاکٹروں کی رپورٹ درست نہیں، اور جو ڈاکٹروں نے معائنہ کیا وہ پریس کانفرنس کیوں نہیں کر رہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ فیملی اور ذاتی معالجین کو عمران خان تک رسائی نہیں دی جا رہی، ضروری ہے کہ ان کا مکمل معائنہ فیملی اور ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان اسپتال منتقل نہیں ہوتے اور ذاتی معالج رپورٹ نہیں دیتے، وہ کسی کی بات پر یقین نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ جیل جانے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، بلکہ شفا انٹرنیشنل کی گارنٹی دی گئی تھی۔

ڈاکٹر عظمیٰ خان نے میڈیا کو بتایا کہ جن پر ان کا اعتماد ہے، جب تک وہ موجود نہیں ہوں گے، انہیں تسلی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں بیماری کا نام درج نہیں ہے، اور علاج تب تک شروع نہیں کیا جا سکتا جب تک بیماری کی وجہ سامنے نہ آئے۔

مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی سے فیملی کی ملاقات کرا دی گئی، 26 نومبر کے مقدمے میں ضمانت بھی منظور

ڈاکٹر عظمیٰ نے کہا کہ عمران خان نے پہلے کہا تھا کہ انہیں نقصان پہنچایا جائے گا اور اب یہ بات درست ثابت ہو رہی ہے۔

نورین نیازی نے کہاکہ ملاقاتیں پہلے محدود کر دی گئی تھیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ لوگوں کو عمران خان کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp