کارکردگی کے میدان میں مقابلہ نہیں کر پاتے تو کردار کشی پر اتر آتے ہیں، ن لیگ کی مریم نواز کے خلاف مہم کی مذمت

منگل 24 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خلاف جاری منفی سوشل میڈیا مہم کی مذمت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے آفیشل ایکس ہینڈل پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف نازیبا اور بے بنیاد الزامات پر مبنی کردار کشی کی مہم چلائی جا رہی ہے، جو قابل مذمت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جب سیاسی مخالفین کارکردگی کے میدان میں مقابلہ نہیں کر پاتے تو وہ کردار کشی اور جھوٹے الزامات کا سہارا لیتے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ یہ طرزِ سیاست پاکستان تحریک انصاف کے اس بیانیے کی عکاسی کرتا ہے جو عمران خان کی قیادت میں پروان چڑھا، جہاں حقائق اور حکمرانی کے بجائے الزامات اور اشتعال انگیزی کو ترجیح دی جاتی ہے۔

بیان میں سیاسی مخالفین کو چیلنج کیا گیا کہ اگر ان کے پاس کوئی مؤثر دلیل یا کارکردگی ہے تو وہ اسی بنیاد پر مقابلہ کریں۔

دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی مریم نواز کے خلاف مہم چلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جہاز پر تنقید کے چکر میں سیاسی مخالفین اپنی اوقات اور تربیت دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس کردار کشی مہم کے دوران مجال ہے جو کسی بنیادی حقوق کے علمبردار کو ہوش آیا ہو، میڈیا اور اس کے بڑے بڑے اینکرز کی صحافت، اقدار اور تجربے نے ذرا بھی جوش نہیں مارا، ان کی طرف سے پرجوش سیگمنٹ کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پرائیویٹ جہاز خریدے جانے کے بعد صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp