نوجوان لڑکی کے ساتھ شادی کرنے کے بعد مشہور ہونے والے راولپنڈی کے معمر حکیم بابر اور ان کی اہلیہ نے شادی کے بعد اپنی وائرل ویڈیوز پر عوام سے معذرت کرلی۔
مزید پڑھیں: ’پہلے پیار ہوا اور پھر نکاح کیا‘، 60 سالہ حکیم کی نوجوان لڑکی سے محبت کی کہانی وائرل
حکیم بابر اور ان کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی شادی کی ویڈیوز کے بعد عوام سے معذرت کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
اس ویڈیو میں حکیم بابر نے رمضان المبارک کے مہینے کی روح کے مطابق سب سے معافی مانگتے ہوئے کہاکہ وہ اس واقعے سے سبق سیکھ چکے ہیں اور آئندہ کسی کو ایسی ویڈیو بنانے یا خود بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کی اہلیہ نے بھی عوام سے درخواست کی کہ انہیں معاف کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں راولپنڈی کے بزرگ شہری حکیم بابر کی شادی کی خبر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھیں، جس پر صارفین کے مختلف ردعمل سامنے آئے۔
وائرل ویڈیو کے بعد حکیم بابر نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ وضاحتی بیان میں کہا کہ ان کی شادی محبت اور رضامندی سے ہوئی ہے، اور یہ شادی بیک وقت ارینج میرج اور لو میرج کی خصوصیات رکھتی ہے کیونکہ دونوں نے پہلے ایک دوسرے کو پسند کیا اور پھر شادی کا فیصلہ کیا۔
عمر سے متعلق تنقید پر حکیم بابر نے کہاکہ اصل اہمیت دل کی جوانی کی ہے، اور انہوں نے ایک طلاق یافتہ خاتون سے نکاح کر کے سنت پر عمل کیا ہے جسے مثبت طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: دانیہ شاہ سے دوستی کے لیے حکیم شہزاد نے کیا کیا جتن کیے؟
ان کی اہلیہ نے بھی اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دل سے محبت ہونے پر عمر کی قید کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔
شادی کی تصاویر اور ویڈیوز میں حکیم بابر اپنی دلہن کو گجرے پہنتے ہوئے نظر آئے، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔














