مشرقِ وسطیٰ میں جاری فضائی بحران کے باعث پاکستان سے آج بھی 155 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج منسوخ ہونے والی پروازوں میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی ہے جہاں سے 38 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اسرائیل جنگ: خلیجی ممالک کی فضائی حدود بند، پروازیں معطل، مسافروں کو ہدایات جاری
جبکہ لاہور کی 32 اور اسلام آباد کی 36 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسی طرح پشاور کی 16، سیالکوٹ کی 13، فیصل آباد کی 8، ملتان کی 10 اور کوئٹہ کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق گزشتہ 4 دنوں کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
مزید پڑھیں: ایران کی فضائی حدود عارضی طور پر بند، امریکی حملے کے خدشات میں اضافہ
اندازے کے مطابق ایک پرواز میں اوسطاً 160 مسافر سوار ہوتے ہیں، جس کے حساب سے تقریباً 26 لاکھ سے زائد مسافر اس بحران سے متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اتحاد ایئرویز نے 24 پروازیں آپریٹ کرنے کے بعد اپنا فلائٹ آپریشن آج دوپہر 2 بجے تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جبکہ ایمریٹس نے دبئی سے 16 پروازیں روانہ کیں، جن میں سے کچھ کو واپس بھی لانا پڑا۔
مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ کا آسمان سُونا پڑگیا، بین الاقوامی پروازیں مہنگے متبادل روٹس پر منتقل
ابوظہبی اور دبئی ایئرپورٹس پر پھنسے مسافروں کو 34 پروازوں کے ذریعے مختلف مقامات تک پہنچایا گیا۔
تاہم آج بھی 8 ممالک کی فضائی حدود اور فلائٹ آپریشنز بند ہیں جس کے باعث صورتحال بدستور سنگین ہے۔
دبئی، ابوظہبی، شارجہ، دوحہ، کویت اور بحرین کے ایئرپورٹس سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، مشرقِ وسطیٰ کے 7 بڑے ایئرپورٹس کی مجموعی طور پر 10 ہزار پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
مزید پڑھیں: ایران-اسرائیل جنگ، یو اے ای نے ایئرپورٹ آپریشنز جاری رکھنے کے لیے کیا اہم فیصلے کیے؟
اسرائیل کے بین گوریئن ایئرپورٹ سے گزشتہ 4 دنوں میں 1600 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اردن کی 828 پروازیں متاثر ہوئیں۔
اسی طرح بیروت اور حیفہ ایئرپورٹس کی 500 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ دمشق، نجف، بصرہ اور دیگر ایئرپورٹس کی 875 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے پائلٹ نے اسرائیل کی طرف داغے گئے ایرانی میزائلوں کی ویڈیو بنالی، سوشل میڈیا پر وائرل
دوسری جانب ایران کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی حدود کی مسلسل بندش کے باعث 1000 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق فضائی حدود کی بحالی تک پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی صورتحال لازمی چیک کریں۔














