وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلا سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
جس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور پیشگی حفاظتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، ہوم سیکریٹری اور کمانڈر لاہور کور سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں: ایپکس کمیٹی پنجاب کا اجلاس: دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں آپریشن غضب للحق میں کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کرنل گل فراز سمیت شہدا کو فاتحہ خوانی کے ذریعے عقیدت کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان اور اس کی قیادت پر فخر ہے اور اللہ کی مدد سے ملک مختلف چیلنجز میں کامیابی سے نکل رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایران جنگ کے بعد پنجاب میں ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے فوری طور پر امن و امان برقرار رکھنے پر توجہ دی گئی، اور مظاہرین کے ساتھ پولیس کو احترام و محبت کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت کی گئی۔ لاہور پولیس نے مظاہروں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کو بخوبی سنبھالا، مظاہرین کی حفاظت اور افطاری کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی۔
اجلاس میں غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلا، دہشتگردی کی روک تھام، کچہ ایریا میں سیکیورٹی اقدامات اور متحرک اینٹی ڈرون یونٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ کچہ میں اغوا برائے تاوان کے کیسز میں کمی آئی ہے، وہاں 1500 اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ مزید براں بے زمین کسانوں کو زرعی اراضی فراہم کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
صوبائی وزیر اعلیٰ نے سماج دشمن عناصر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ، امام مساجد کے اعزازیہ، بسنت پر پابندی، اسموگ فری پنجاب، رمضان میں افطاری کے انتظامات اور رمضان نگہبان پیکج کے تحت امدادی سہولیات کی فراہمی کا ذکر بھی کیا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سنبھالنے پر معلوم ہوا کہ پنجاب کا مستند ڈیٹا موجود نہیں تھا، جسے پی سی ایس آر کے ذریعے مرتب کیا گیا۔ جن افراد کو پہلے امداد نہیں ملی، ان کو 24 گھنٹے میں فراہم کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں، ہر تحصیل میں سہولت بازار اور رمضان نگہبان پروگرام کے ذریعے سستی اشیا فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون، کیا عدلیہ اور پنجاب حکومت آمنے سامنے ہیں؟
مریم نواز شریف نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی، آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے ٹریفک منیجمنٹ اور پنجاب میں لا اینڈ آرڈر کنٹرول میں اداروں کے شاندار اشتراک کار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اور متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں اور سیکیورٹی کے تمام امور کو اعلیٰ سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔













