پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون، کیا عدلیہ اور پنجاب حکومت آمنے سامنے ہیں؟

جمعرات 25 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون جس کے تحت ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو اہلکاروں کے ذریعے لوگوں کی زمینوں پر قبضے چُھڑائے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت اور عدلیہ کے درمیان تنازع کی وجہ بن گیا ہے اور دونوں اطراف سے بیانات جاری کئے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں وکلا تنظیموں کا زیادہ تر جھکاؤ  لاہور ہائی کورٹ کی طرف ہے اور باقاعدہ بیانات جاری کئے گئے ہیں کہ وکلا تنظمیں لاہور ہائی کورٹ اور جسٹس عالیہ نیلم کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون کی معطلی، کیا یہ قانون جاتی عمرہ کے لیے بھی خطرناک تھا؟

وکلا کی اپیکس باڈی پاکستان بار کونسل نے آج اس سلسلے میں مفصل بیان جاری کیا جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ہارون الرشید نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان بار کونسل کے فیصلے کی تائید کی۔

تنازعے کا آغاز 22 دسمبر کو ہوا جب چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عابدہ پروین اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی آرڈیننس پر عمل درآمد روک دیا، تمام قبضوں کو واپس کرنے کا حکم دیا اور فل بنچ کی تشکیل کی سفارش کی۔

اس کے بعد پنجاب حکومت اور لاہور ہائی کورٹ کے درمیان ایک تنازع کی سی کیفیت پیدا ہو گئی۔

Maryam-Nawaz مریم نواز

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے فلور سے اس عدالتی فیصلے پر تنقید کی گئی تو آج لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس سلطان تنویر نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران  ریمارکس دیے کہ ’اسمبلی فلور کی بہت اہمیت ہوتی ہے اور وہاں سے کسی ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔’ انہوں نے کہا کہ ‘اب وقت آ گیا ہے کہ تمام ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں، ہم آپ کا احترام کریں گے، آپ ہمارا احترام کریں، پاکستان کو آگے بڑھنا ہے اور اداروں کو سیکھنا چاہیے کہ باہمی احترام لازم ہے۔’

یہ بھی پڑھیے: پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون کی معطلی، پاکستان بار کونسل کا خیرمقدم

اس سے قبل وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ کے طے کردہ مسلمہ اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے اور اس قانون کی معطلی سے غریبوں اور بیواؤں کے حقوق متاثر ہوں گے۔

پنجاب حکومت نے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025 جاری کیا جس کے تحت ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیاں قائم کی گئیں تاکہ زمین اور پراپرٹی کے تنازعات 90 دن کے اندر حل کیے جائیں۔ اس قانون کا مقصد برسوں تک عدالتوں میں پھنسی زمین سے متعلق مقدمات کا حل فراہم کرنا بتایا گیا تھا۔

پاکستان بار کونسل کا مؤقف

وکلا کی ایپکس باڈی پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ نے آج ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی آرڈینس پر حکم امتناع خوش آئند ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اُنہوں نے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے بیان کی مذمت بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف غیر منقولہ قانون کی معطلی پر مریم نواز شریف کا ردعمل

پاکستان بار  کونسل نے کہا ہے کہ نئے آرڈیننس کے تحت ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیوں کو جائیداد تنازعات کا اختیار دینا آئین و قانون کے منافی ہے، نیا آرڈینینس عدالتی بالادستی، شہری حقوق اور سول نظام کو کمزور کرتا ہے۔ زیر سماعت مقدمات میں ریونیو افسران کے ذریعے قبضہ دلوانا عدالتی اختیارات پر حملہ ہے۔ وکلا برادری چیف جسٹس اور ادارے کے ساتھ کھڑی ہے۔

عدالتی نگرانی کے بغیر ریونیو افسران کو اختیارات دینا غلط ہے: ہارون الرشید

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر ہارون الرّشید ایڈووکیٹ نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان بار کونسل کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں لیکن سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ابھی تک اِس پر اپنا باقاعدہ مؤقف جاری نہیں کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں ریونیو اہلکاروں کو اِتنے زیادہ اختیارات دینا مناسب نہیں۔ یہ اختیارات کا غلط استعمال کریں گے جیسے کہ پہلے بھی کرتے ہیں۔ جس طرح سے پولیس اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتی ہے۔ ملک بھر کے وکلا چیف جسٹس عالیہ نیلم کے ساتھ اِس لئے کھڑے ہیں کہ وہ سمجھتے ہیں زمینوں پر قبضے چُھڑانے کے معاملے میں ضلعی عدالتوں یا ہائی کورٹ کی نگرانی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹریک کم، ٹرینیں آدھی، زمینوں پر قبضے، آئینی عدالت میں ریلوے کارکردگی پر کڑی تنقید

ہارون الرشید نے کہا کہ ریونیو اہلکاروں پر چیک رکھنا ضروری ہے۔ گو کہ پنجاب کا یہ قانون عام آدمی کے لئے فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے لیکن اس کو بغیر چیک اینڈ بیلنس کے نہیں چھوڑا جا سکتا۔

بیرسٹر علی ظفر کا موقف

معروف قانون دان بیرسٹر علی ظفر نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آرڈیننس کا مقصد بہت اچھا ہے لیکن جو طریقہ اختیار کیا گیا وہ غیر آئینی ہے۔ کسی قانون کو معطل کرنا بہت مشکل کام ہوتا ہے اور اس کے لیے یہ دیکھنا پڑتا ہے کہ آیا وہ قانون، آئین کے خلاف تو نہیں۔ یہ قانون آئین کے خلاف تھا کیونکہ اس میں قانون شہادت اور دیگر متعلقہ قوانین کو غیر مؤثر کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: دریا کنارے زمینیں طاقتور طبقے کے قبضے میں ہیں، مصدق ملک

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس نے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت اگر لوگوں کو جلد انصاف کی فراہمی چاہتی ہے تو اس کے لیے ٹربیونلز بنائے جا سکتے تھے جن کو فیصلے کے لیے مقررہ مدت کا پابند بنایا جاتا تب یہ درست عمل ہوتا۔ لیکن پنجاب حکومت نے کسی درست قانونی مشورے کے بغیر یہ قانون بنایا تو اس لیے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ درست ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یاہو میل صارفین کو لاگ ان میں مشکلات کا سامنا، یہ سروس اب کتنی مقبول؟

بجلی کے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار، وزارت توانائی اور آئی ایف سی کے درمیان معاہدہ طے

خضدار میں فرائض کی انجام دہی کے دوران لیڈی کانسٹیبل شہید، اہلکار کون تھیں؟

اسٹاک مارکیٹ ایک مرتبہ پھر مندی کا شکار، انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کی کمی

امریکا ایران مذاکرات، اسلام آباد میں ہونے والا تبلیغی جماعت کا اجتماع مؤخر

ویڈیو

لائیوپاکستان کی ایران، امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کو کامیاب بنانے کے لیے کوششیں جاری

فیلڈ مارشل نے ایران میں امن کے لیے عظیم کام کیا، شیخ حسن سروری

ضلع مہمند کے عمائدین کا پاک فوج اور حکومت پر اعتماد، امن کوششوں پر خراجِ تحسین

کالم / تجزیہ

ایک اور گیارہ سے نو دو گیارہ

مطالعہ پاکستان : بنیان مرصوص ایڈیشن

امریکا ایران مذاکرات: کیا ہونے جا رہا ہے؟