افغانستان میں شہری ہلاکتوں سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ متوازن نہیں، پاکستان نے اعتراض اٹھا دیا

ہفتہ 7 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

اقوام متحدہ کے افغانستان میں مشن (یوناما) کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے دوران شہری ہلاکتوں کا ذکر کیے جانے کے بعد پاکستان نے رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں زیادہ تر معلومات افغان طالبان حکام سے حاصل کی گئی ہیں اور یہ مکمل طور پر آزاد اور مصدقہ شواہد کی عکاسی نہیں کرتی۔

پاکستانی حکام نے اس رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوناما کی رپورٹ میں زیادہ تر معلومات افغان طالبان حکام کی فراہم کردہ ہیں اور اس میں آزادانہ طور پر تصدیق شدہ معلومات کی کمی نظر آتی ہے جس سے بعض نتائج کی درستگی اور توازن پر سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین مختلف دہشتگرد گروہوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے اور انہی عناصر کی جانب سے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کیے گئے ہیں جن میں بے گناہ شہری اور سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔ حکام کے مطابق پاکستان نے مسئلے کے حل کے لیے دوست ممالک کی ثالثی میں کئی کوششیں کیں لیکن خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان کے کن علاقوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں؟

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس کی سکیورٹی فورسز کی تمام انسداد دہشتگردی کارروائیاں انتہائی درست انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جاتی ہیں اور ان کا مقصد صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق ان کارروائیوں میں شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں اور ہدف صرف دور دراز دہشت گرد ٹھکانے ہوتے ہیں۔

پاکستانی حکام نے مزید کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے بعض دہشت گرد عناصر کو تحفظ ملنے پر شدید تشویش ہے اور یہی عناصر خطے کے امن اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔ پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ یوناما آئندہ اپنی رپورٹس میں تمام واقعات، بشمول پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں، کو بھی اسی سنجیدگی اور غیر جانبداری سے شامل کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی ایم، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے عناصر نے پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا کا استعمال کیا، کتاب میں انکشافات

پاکستان نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف مؤثر اور ذمہ دارانہ اقدامات جاری رکھے گا تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp