پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 مارچ کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر تیز رفتار کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم میں ہلچل مچا دی، جنرل فیض حمید کیس کا آخری باب؟
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق باجوڑ ضلع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج مارے گئے۔
اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے 2 مختلف مقابلوں میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی 2 علیحدہ جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان سیکیورٹی فورسز افغانستان کی سرحد کے ساتھ ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آف گوادر میں اساتذہ اور طلبا کے ساتھ خصوصی نشست
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے جبکہ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔














