پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر 17 مارچ کو صبح 08:30 بجے سے 10:30 بجے تک تمام پروازوں کی آمد و رفت دو گھنٹے کے لیے معطل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ایئر پورٹ پر گمشدہ قیمتی زیورات مسافر کو کیسے واپس ملے؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل پی اے اے نے 16 مارچ کو فلائٹس کی عارضی معطلی کے حوالے سے جاری نوٹم (Notam) منسوخ کر دیا تھا۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ 16 مارچ کے لیے جاری نوٹم اب مؤثر نہیں اور معمول کے مطابق پروازیں چلتی رہیں گی۔

بعد ازاں جاری نئے نوٹم میں کہا گیا کہ 17 مارچ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آمد و رفت معطل رہے گی اور آنے والی پروازوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ممکنہ تاخیر کے پیش نظر کافی ہولڈنگ فیول ساتھ رکھیں۔ نوٹم میں لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن (FIR) میں کچھ ایئر ٹریفک سروس (ATS) روٹس کی بندش کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جو گراؤنڈ سے فلائٹ لیول 210 تک بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:متحدہ عرب امارات کی ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ کا دورہ کیوں کیا؟
پی اے اے کے مطابق یہ معطلی ’آپریشنل وجوہات‘ کی بنا پر کی جا رہی ہے، جبکہ اس سے پہلے پاکستان کے فضائی حدود مکمل طور پر کھلے، محفوظ اور تمام شہری پروازوں کے لیے دستیاب ہیں۔














