پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر بحرین کا خیرمقدم

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر بحرین نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر انہیں مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ’مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدہ‘ طے، کسی ایک پر حملہ تینوں پر حملہ تصور ہوگا

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے گزشتہ شب اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر مبارکباد پیش کی اور اس اہم پیش رفت کو سراہا۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اس موقع پر مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کی خواہش کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور ان کے نیک جذبات پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت نہیں، امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے، وزیراعظم

اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے بات چیت، سفارتی روابط اور پرامن ذرائع کو اہمیت دیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp