’جاپان ان آرٹ‘ نمائش: پاک جاپان ثقافتی تعلقات کا فن کے ذریعے جشن

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تخلیقی صلاحیت کے ذریعے ثقافتوں کو قریب لانے کی غرض سے جاپان کے سفارت خانے نے پاکستان کے ساتھ مل کر پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن اسلام آباد کے تعاون سے نیشنل آرٹ گیلری، پی این سی اے میں دلکش پینٹنگ نمائش جاپان ان آرٹ‘ کا انعقاد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یومِ پاکستان پر جاپانی سفیر کی مبارکباد، پاک جاپان دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

نمائش کا افتتاح پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایوب جمالی اور صدر پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن اسلام آباد و معروف فنکار جمال شاہ نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقعے پر نوجوان فنکاروں، آرٹ شوقین حضرات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

نمائش میں تقریباً 40 حیرت انگیز تخلیقات پیش کی گئی ہیں جو ابھرتے ہوئے پاکستانی فنکاروں نے جاپانی سماجی اور ثقافتی زندگی کو نئے زاویوں سے پیش کرتے ہوئے تیار کی ہیں۔ باریک برش ورک، رنگین پنسل سے تخلیق، اور روڈ بلاک پرنٹنگ کے قدیم ہنر سے مزین یہ تخلیقات تصور اور ثقافتی بصیرت کا حسین امتزاج ہیں۔

افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سفیر اکاماتسو نے کہا کہ نوجوان پاکستانی فنکاروں کی جاپانی ثقافت کو فن پاروں کے ذریعے پیش کرنے کی صلاحیت اور تخیل واقعی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب جاپان اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی خوبصورت عکاسی ہے، جو صرف سفارت کاری پر مبنی نہیں بلکہ ثقافت اور عوامی تبادلے پر بھی مشتمل ہے۔

مزید پڑھیے: اسلام آباد: جاپان کے سفارتخانے میں جاپانی فلم کی خصوصی نمائش، فلم بینوں کی بڑی تعداد شریک

نمائش کے دوران سفیر اکاماتسو نے سنہ 2026 کے لیے سفیر کا اعزاز برائے خدمات جناب جمال شاہ، صدر پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن اسلام آباد کو پیش کیا جس میں انہیں پاکستان جاپان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا۔

سفیر نے جمال شاہ کی قیادت اور فنون لطیفہ کے لیے مسلسل خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی مسلسل کوششوں کا بامعنی اعتراف ہے۔ انہوں نے جمال شاہ کے 2005 کے ایکسپو آئچی، جاپان میں پاکستان پیویلین کی قیادت اور جاپان کے سفارت خانے کے زیرِ اہتمام مختلف ثقافتی پروگرامز میں تعاون کو بھی یاد کیا۔

حال ہی میں جمال شاہ نے ’قیامت کے آثار‘ نمائش منعقد کی جس میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ہونے والے جوہری تباہی کے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آرٹ فار لائف،آرٹ فار غزہ آرٹسٹ کیمپ: اداکار جمال شاہ کا فلسطینیوں کی مدد کا منفرد انداز

سفیر اکاماتسو نے امید ظاہر کی کہ جناب شاہ مستقبل میں بھی دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور جاپانی ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp