محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں فلیش فلڈ کے خطرے سے خبردار کیا ہے، جبکہ یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 29 مارچ کی شام اور رات کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ کے مطابق شمالی بلوچستان کے اضلاع، جن میں ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی شامل ہیں، شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جو اتوار کی شام سے پیر تک برقرار رہ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے چند علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہوائیں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
پنجاب، خصوصاً لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، اور آج بھی شہر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ نے مزید بتایا کہ لاہور میں درجہ حرارت میں کمی اور ہوا میں نمی کے اضافے کے باعث آئندہ چند روز تک موسم نسبتاً خوشگوار رہے گا۔
کراچی میں اتوار کے روز مطلع جزوی ابر آلود سے صاف رہنے کا امکان ہے، تاہم دن بھر تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ میں بھی معمول سے زیادہ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک اور جزوی ابر آلود رہا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک اور شدید بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً پہاڑی اور شمالی علاقوں میں رہنے والے افراد فلیش فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں۔













