پی ایس ایل 11 کے 5ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 40رنز سے شکست دے دی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شامل حسین حسین اور حسن نواز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت حیدرآباد کنگز مین کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا کر مضبوط مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز کپتان سعود اور شامل حسین حسین نے محتاط مگر پراعتماد آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا اسٹارٹ فراہم کیا، تاہم دوسرے اوور کی آخری گیند پر رائلی میریڈتھ نے سعود کو ایک رن پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔
چوتھے اوور میں رائلی میریڈتھ نے ایک اور اہم وکٹ حاصل کرتے ہوئے ریلی روسو کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج دیا، جس سے گلیڈی ایٹرز دباؤ میں آگئے۔
اس موقع پر شامل حسین حسین اور حسن نواز نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا اور دونوں نے مل کر نصف سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 50 رنز سے آگے پہنچایا۔ دونوں بیٹرز نے حریف بولرز پر دباؤ برقرار رکھا۔
شامل حسین حسین عمدہ فارم میں دکھائی دیے اور پی ایس ایل 11 میں مسلسل دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں کے درمیان 89 رنز کی اہم شراکت اس وقت ختم ہوئی جب رائلی میریڈتھ نے شامل حسین حسین کو 41 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ کر دیا، جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے راولپنڈی پنڈیز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی
حسن نواز نے جارحانہ انداز برقرار رکھتے ہوئے اپنی چوتھی پی ایس ایل نصف سنچری مکمل کی جبکہ خواجہ نافے نے ان کا ساتھ دیا، تاہم 15ویں اوور میں مہیش تھیکشانا نے یکے بعد دیگرے دو وکٹیں لے کر میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے پہلے خواجہ نفے کو 6 رنز پر آؤٹ کیا اور پھر وکٹ کیپر بیٹر بین میکڈرموٹ کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔
اختتامی اوورز میں ٹام کرن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے باؤنڈریز اسکور کیں اور ٹیم کا مجموعہ 150 سے آگے لے گئے۔ آخری اوور میں عاکف جاوید نے دو اہم وکٹیں حاصل کیں، پہلے ٹام کرن کو 18 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ کیا اور پھر الزاری جوزف کو صفر پر چلتا کیا۔
آخر میں ابرار احمد نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دو چوکے لگائے اور 3 گیندوں پر 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ احمد دانیال نے 8 گیندوں پر 6 رنز کا اضافہ کیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے رائلی میریڈتھ نمایاں بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 38 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھیکشانا اور عاکف جاوید نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 134 رنز تک محدود رہی۔ عرفان خان 33 اور حسن خان 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم دیگر بیٹرز بڑی شراکت قائم نہ کرسکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال نے 13 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ الزاری جوزف اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ 11 میں پہلی فتح حاصل کی ہے جبکہ حیدر آباد کنگز مین اپنے دونوں میچ ہار گئی ہے۔














