پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان کے خلاف بات کریں گے تو ہم سپورٹ نہیں کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم پاکستان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کر سکتے۔
سب سے پہلے پاکستان، اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان کے خلاف بات کریں گے تو ہم سپورٹ نہیں کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی pic.twitter.com/gjGMbKcUlw
— WE News (@WENewsPk) March 31, 2026
واضح رہے کہ حال ہی میں عمران خان کے بیٹے نے قاسم خان نے پاکستان مخالف بلوچ نیشنل موومنٹ کے متنازع رہنما کے ہمراہ جنیوا میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی اور خطاب کیا، جس کے بعد تنازع پیدا ہوگیا ہے اور ان کی سرگرمیوں اور روابط پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے یونایٹیڈ نیشن ہومین رائٹس کونسل کے سائیڈ ایونٹ میں بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنما نسیم بلوچ کے ہمراہ خطاب کیا، جہاں انہوں نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر اظہار خیال کیا اور اپنی گفتگو میں اپنے والد عمران خان کی قید کا معاملہ بھی اٹھایا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک سابق وزیراعظم کے بیٹے کی جانب سے بین الاقوامی فورمز پر ایسے عناصر کے ساتھ بیٹھنا حساس نوعیت کا معاملہ بن سکتا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل بھی قاسم خان کی بعض متنازع شخصیات سے ملاقاتوں کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔














