وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری پروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر ریلیف اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ کے لیے مفت کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: ایس ایم ایس کے ذریعے موٹر سائیکل پیٹرول سبسڈی کے لیے رجسٹریشن کیسے کی جاسکتی ہے؟
انہوں نے زراعت اور کسانوں کے لیے بھی خصوصی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی سبسڈی اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ بائیک رکھنے والے شہری کو 20 لیٹر تک پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت ملے گی۔
دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں بھی اگلے ایک ماہ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی سروس مفت کردی گئی ہے۔ محسن نقوی کے مطابق سبسڈی پر اٹھنے والا 350 ملین روپے کے اخراجات وزارت داخلہ برداشت کرے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور قیمتوں کو برقرار رکھنا ایک بڑا اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا ریلیف دے کر حکومت نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی مخلصانہ کوشش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ: حکومت کس کو کتنی سبسڈی دے رہی ہے؟
مریم نواز شریف نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے باعث دنیا بھر میں معاشی بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور پاکستان، جو درآمدی تیل پر انحصار کرتا ہے، اس سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلانے کے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔













