پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ صرف پاکستان  میں  نہیں، خطے میں جاری جنگ کا نتیجہ ہے، وفاقی وزرا

جمعہ 3 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کسی ایک ملک کا فیصلہ نہیں بلکہ خطے میں جاری جنگی کشیدگی، مسلم دشمنی اور جارحانہ اقدامات کے باعث پیدا ہونے والی عالمی صورتحال کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق تیل پیدا کرنے والے مسلم ممالک اور وہ ریاستیں جن کی حدود سے ایندھن دنیا تک پہنچتا ہے، موجودہ حالات سے شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھنے کا نتیجہ ہے، حکومت کا قصور نہیں، رانا ثنااللہ

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ایندھن کی قلت اور ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی ہے جبکہ پاکستان میں سپلائی برقرار رکھنا حکومت کے لیے بڑا چیلنج تھا، جسے کامیابی سے سنبھالا گیا اور ملک کو قلت سے بچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید معاشی دباؤ کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا، تاہم حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق وفاق اور صوبوں نے ترقیاتی اخراجات اور غیر ضروری مصارف مؤخر کر کے مالی وسائل تیل کی قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنے پر صرف کیے ہیں، اور حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو فوری ریلیف دیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کسی حکومتی پالیسی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایران سے جڑی جنگی صورتحال، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے، علاقائی کشیدگی اور سپلائی میں رکاوٹوں کا اثر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی بحران ہے جس کا سامنا صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک بھی کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کے پاس قیمتوں کو مصنوعی طور پر کم رکھنے کی گنجائش موجود نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے اقدامات معیشت کو نقصان پہنچا چکے ہیں، اس لیے تمام صوبوں کی مشاورت سے ذمہ دارانہ حکمت عملی اپنائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کو ترجیح دے رہی ہے اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال عارضی ہے اور عالمی حالات بہتر ہوتے ہی اس کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا، جبکہ اس وقت قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp