بنگلہ دیش: وزیراعظم کا مسلح افواج کو سیاسی تقسیم سے بالاتر رہنے کا پیغام

اتوار 12 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے نے مسلح افواج پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہتے ہوئے قومی خدمت پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں اور اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور آئین سے وفاداری کو اپنی بنیادی ترجیح بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر ایندھن برآمد

ڈھاکہ کنٹونمنٹ میں مسلح افواج کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فوج کسی فرد، خاندان یا سیاسی جماعت کی نمائندہ نہیں بلکہ ایک آزاد ریاست کی طاقت اور وقار کی علامت ہے۔

ان کے مطابق فوجی ادارے کی اصل ذمہ داری ملک کی خودمختاری کا تحفظ، عوام کا اعتماد برقرار رکھنا اور اپنی خدمات میں دیانت، نظم و ضبط اور قربانی کو برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی اور خودمختاری کا تحفظ ہر فوجی کی مقدس ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت یا اثر کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے ماضی کے بعض واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے ادارے کو غیر سیاسی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ اس کی پیشہ ورانہ ساکھ متاثر نہ ہو۔

مزید پڑھیے: روسی تیل کی ریفائننگ کے لیے بنگلہ دیش کا بھارت سے معاہدہ متوقع

وزیراعظم نے سابق صدر ضیا الرحمان کے دور کو بھی یاد کیا اور کہا کہ اس وقت فوج کی جدید کاری اور حب الوطنی کے جذبے کو مضبوط بنانے میں اہم پیشرفت ہوئی تھی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بنگلہ دیشی فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے قیام میں ان کی خدمات کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے اور قومی انتخابات کے انعقاد میں فوج کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔

طارق رحمان نے حکومت کی جانب سے مسلح افواج کی جدید کاری اور استعداد کار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ وہ قومی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کرکٹ تنازع: بُلبُل کا آئی سی سی سے مداخلت کا مطالبہ

تقریب میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی جبکہ ملک بھر میں تعینات افواج نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp