ہر گاؤں مثالی گاؤں: پنجاب کے مزید 7500 دیہات میں معیار زندگی بہتر بنانے کے منصوبے کی منظوری

بدھ 15 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ‘مثالی گاؤں’ منصوبے کے دوسرے مرحلے کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ہزاروں دیہات میں شہری طرز کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دیہات میں برسوں سے جاری محرومیوں کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے اور اس منصوبے کے ذریعے لاکھوں دیہاتیوں کو صاف پانی، بہتر نکاسی آب اور بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولتیں میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: مثالی گاؤں پراجیکٹ: پنجاب کے 224 دیہات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کا عمل جاری

منصوبے کے تحت ہر گاؤں میں واٹر سپلائی سسٹم، سولرائزڈ ٹیوب ویل، گندے پانی کے تالابوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ آلودہ پانی کے مسئلے کے حل کے لیے سیپٹک ٹینکس بھی تعمیر کیے جائیں گے، جن سے حاصل شدہ پانی کو بعد از صفائی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 485 دیہات کو مثالی گاؤں میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 7500 دیہات شامل کیے جائیں گے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے پر 59 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر گاؤں کی پہلے اور بعد کی ویڈیوز تیار کر کے پیش کی جائیں گی تاکہ پیش رفت کو شفاف انداز میں دیکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے: انڈس ڈیلٹا: صفحہ ہستی سے مٹتے گاؤں، سمندر کی نذر ہوتی ایک بھرپور ثقافت، وجہ کیا ہے؟

انہوں نے خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے ہیلپ لائن 1336 کے مؤثر استعمال کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خوشاب اور چشتیاں میں واٹر بوتلنگ پلانٹس جلد مکمل کیے جائیں، جبکہ راجن پور میں واٹر سپلائی کلسٹر منصوبہ 15 مئی تک مکمل کیا جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہات میں رہنے والے شہری بھی اسی معیارِ زندگی کے حق دار ہیں جو شہروں میں دستیاب ہے، اور صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp