باجوڑ میں افغان طالبان کی گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید

بدھ 15 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قبائلی ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹکوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 3 افراد شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔

شہدا میں ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں، جو ایک ہی گھر کے مکین تھے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان گزشتہ چند روز سے شدت پسند تنظیم فتنہ الخوارج کے ایک گروہ کو پاکستان میں دراندازی کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ خودکش حملے میں افغان بمبارملوث، دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے، سیکیورٹی ذرائع

تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی کے باعث یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسی ناکامی کے بعد افغان طالبان نے مایوسی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

واقعے کے فوری بعد پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی جانب سے فائرنگ کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ سے ملحق افغان سرحدی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

مزید پڑھیں: باجوڑ میں سرحد پار دراندازی کی بڑی کوشش ناکام، 14 خوارج ہلاک

مقامی آبادی نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواجِ پاکستان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp