قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ کرکٹ میں کامیابی بڑے ناموں سے نہیں بلکہ کارکردگی اور محنت سے حاصل ہوتی ہے، اور انہیں یقین ہے کہ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی مستقبل میں قومی ٹیم کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
پی ایس ایل کی فرنچائز راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے حیدرآباد کنگز مین کے خلاف شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین کی راولپنڈیز کے خلاف بڑے مارجن سے جیت، لاہور قلندر پلے آف سے باہر
ان کا کہنا تھا کہ بھاری سرمایہ کاری کے باوجود ٹیم توقعات پر پوری نہیں اتر سکی اور 10 میچوں میں مسلسل ناکامیوں نے کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے اعتراف کیاکہ ٹیم میں کچھ خامیاں رہ گئیں جو بروقت سامنے نہ آسکیں۔
محمد رضوان نے کہاکہ انجریز کے باعث بھی ٹیم متاثر ہوئی، تاہم نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر کھیل پیش کیا۔ انہوں نے سعد مسعود، عبداللہ فضل، یاسر خان، عماد بٹ، علی رضا اور سمیر منہاس جیسے کھلاڑیوں سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنائیں گے۔
انہوں نے اعظم خان کی محنت کو بھی سراہا اور ان سے بہتر نتائج کی توقع ظاہر کی۔
لاہور قلندرز کے پلے آف مرحلے میں نہ پہنچنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ دفاعی چیمپیئن ٹیم فائنل فور میں جگہ بنائے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ فیصلہ کن میچ میں ان کی ٹیم بیٹنگ اور فیلڈنگ دونوں شعبوں میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی اور اہم مواقع ضائع کیے گئے۔
پی ایس ایل کے انعقاد سے متعلق بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ مشکل حالات میں لیگ کے انعقاد کے فیصلے پر انہیں حیرت ہوئی، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ عوام کے لیے خوشی کا ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کے لیے شائقین کو اجازت دینا خوش آئند ہے، اگرچہ لاہور قلندرز اس مرحلے تک نہ پہنچ سکی۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11 فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت کب سے شروع ہوگی؟ پی سی بی نے بتا دیا
اپنی ذاتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے اعتراف کیاکہ ان کی فارم اچھی نہیں رہی اور شاید محنت میں کمی رہ گئی۔
انہوں نے کہاکہ وہ ماضی میں مسلسل 4 سال ٹیم کو فائنل تک لے گئے، لیکن موجودہ وقت ان کے لیے ایک امتحان ہے اور وہ مستقبل میں بہتر کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔














