ججز ٹرانسفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے آج ہونے والے اہم اجلاس سے قبل بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور سربراہ جوڈیشل کمیشن خط لکھ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق سے قانونی امور سے متعلق ذمہ داری واپس
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت کسی بھی جج کے تبادلے سے قبل انہیں ذاتی طور پر سنا جائے۔
انہوں نے کمیشن سے استدعا کی ہے کہ ٹرانسفر کے معاملے پر فیصلہ کرنے سے پہلے انہیں مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار کا نام آج ٹرانسفر کے لیے زیر غور ججز میں شامل ہے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلوں سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔
زیر غور آنے والے دیگر ججز میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ابتدائی طور پر ٹرانسفر ججز کے اجلاس بلانے کی مخالفت کی تھی، تاہم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی جانب سے پانچ ارکان کی ریکوزیشن پر اجلاس طلب کیا گیا۔












