آزاد کشمیر میں عام انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، اور ہر جماعت اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے لیے مختلف جماعتوں سے رابطے کررہی ہے۔
آل جموں و کشمیر جمعیت علمائے اسلام اور مسلم لیگ ن کے درمیان انتخابی اتحاد طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں جماعتوں نے اصولی طور پر مشترکہ طور پر انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر 10 نکاتی ایجنڈے پر بھی اتفاق کرلیا گیا۔
یہ اہم اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزیر امور کشمیر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، مرکزی سیکریٹری اطلاعات مشتاق منہاس، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری راجا فرحان اعظم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
آل جموں و کشمیر جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے امیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ، جنرل سیکریٹری بشارت حسین نوید اور ناظم مالیات مفتی محمد اختر نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اراکین چوہدری عابد رضا، پرویز رشید، برجیس طاہر، انوشہ رحمان اور کیپٹن (ر) صفدر بھی اجلاس میں شریک تھے۔
دونوں جماعتوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آزاد کشمیر میں اسلامی اقدار، روایات اور عوامی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے مل کر کام کریں گی۔













