وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر میرپور کے شہریوں کے لیے مفت پبلک ٹرانسپورٹ سروس شروع کر دی گئی ہے، جسے عوامی سہولت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات
انٹر سٹی فری پبلک ٹرانسپورٹ سروس کا باقاعدہ افتتاح کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز خان نے ایک تقریب کے دوران کیا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں میرپور شہر سے نیو سٹی، خالق آباد، جاتلاں اور بن خرماں سمیت مختلف اہم علاقوں کے لیے مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ میرپور سے چیچیاں، افضل پور، چتر پڑی اور منگلا جانے والے روٹس پر بھی شہریوں کو بلا معاوضہ ٹرانسپورٹ میسر ہوگی، جس سے روزانہ ہزاروں افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس عوامی فلاحی منصوبے میں میرپور ٹرانسپورٹ یونین اور ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کیا۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ مفت ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز سے خصوصاً طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور دیہاڑی دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا، جبکہ سفری اخراجات میں بھی واضح کمی آئے گی۔ انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ ضرورت اور عوامی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں اس سروس کو مزید علاقوں تک توسیع دی جا سکتی ہے۔














