پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی سرگرمیوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان اور ان کے خاندان سے ملاقات کر کے انہیں باضابطہ طور پر ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط بنانے پر زور
وفد میں وفاقی وزیر رانا ثنااللہ خان، وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر، ڈاکٹر نجیب نقی خان، بیرسٹر افتخار گیلانی، چوہدری عبدالرحمان آرائیں اور چوہدری طارق فاروق شامل تھے۔
وفد نے اسلام آباد میں سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان، راجہ قیصر ذوالقرنین خان اور راجہ بابر علی ذوالقرنین خان سے ان کی رہائش گاہ ’ہفت چنار‘ میں ملاقات کی۔ اس موقعے پر وفد نے راجہ ذوالقرنین خاندان کو پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر میں باضابطہ شمولیت کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران راجہ محمد ذوالقرنین خان اور ان کے فیملی ممبران نے اپنے سیاسی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کے لیے مثبت عندیہ دیا۔
مزید پڑھیے: وزیراعظم آزاد کشمیر سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات، آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال
اس موقعے پر رانا ثنااللہ خان نے سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان کو مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
شریف خاندان سے دیرینا تعلقات رہے ہیں، راجا ذوالقرنین
سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان نے رانا ثنااللہ خان، انجینیئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وفد کے دیگر اراکین کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
راجہ محمد ذوالقرنین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کے ساتھ ان کے دیرینہ تعلقات رہے ہیں جبکہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت آزاد کشمیر کا وفاقی حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کو اپنانے کا فیصلہ
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کو ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے نہ صرف ملکی سلامتی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے بھی اہم خدمات انجام دی ہیں۔













