محکمہ جنگلات نے مری بھوربن کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے قریباً 3 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی، جس پر گزشتہ 40 سال سے قبضہ قائم تھا۔
حکام کے مطابق 5 ایکڑ پر مشتمل اراضی طویل عرصے سے کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کی جا رہی تھی، جسے اب قبضہ مافیا سے خالی کرا لیا گیا ہے۔
ڈی جی فارسٹ اظفر ضیا بھی مری پہنچے، جہاں قیمتی اراضی کے تحفظ کے لیے فاریسٹ رینجرز کو تعینات کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پارلیمانی سیکریٹری جنگلات ملک قاسم ندیم نے اس کارروائی کو سراہا۔
اس موقع پر ڈی جی فارسٹ اظفر ضیا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جنگلات کے تحفظ کے لیے نئی اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں، جبکہ محکمہ جنگلات کے عملے کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی لیس کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ جنگلات کو خودمختار بنایا جا رہا ہے اور جلد ہی تھانوں کے قیام اور ایف آئی آر کے اندراج کا نظام بھی فعال کر دیا جائے گا۔
واگزار کرائی گئی زمین پر ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں جنگلات کے اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
دوسری جانب عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واگزار اراضی کو قریبی اسپتال کے منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔














