مشہور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری نے سابق کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ اپنی چند رومانوی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جس کے بعد ان دونوں کی جلد شادی سے متعلق افواہیں ایک بار پھر گرم ہو گئی ہیں۔
41 سالہ گلوکارہ نے اتوار کے روز انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں وہ کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آرہی ہیں۔ ان تصاویر میں ایک تصویر ایسی بھی ہے جس میں دونوں ایک غار کے قریب ساحلی منظر کا لطف اٹھا رہے ہیں، جبکہ ایک اور دلچسپ تصویر میں ‘کیٹی اور جسٹن کے اچار’ کا جار بھی دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹن ٹروڈو کی گرل فرینڈ کیٹی پیری مشکل میں، آسٹریلوی اداکارہ نے جنسی تشدد کا الزام لگا دیا
رپورٹس کے مطابق کیٹی پیری جسٹن ٹروڈو کو اپنا ‘خوابوں کا شہزادہ’ قرار دیتی ہیں اور قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں آئندہ چند ماہ میں شادی کے بندھن میں بندھنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
View this post on Instagram
کیٹی پیری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘اپریل کی بارشیں مئی کے پھول لاتی ہیں’، جسے مداح ان کے تعلقات میں نئی بہار سے تعبیر کررہے ہیں۔ اگرچہ شادی کی خبریں ہر جگہ گردش کررہی ہیں، تاہم ابھی تک دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باقاعدہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کے درمیان تعلقات کا آغاز جولائی 2025 میں ہوا تھا جب انہیں پہلی بار کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔اس کے بعد دسمبر 2025 میں انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے رشتے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کیٹی پیری نے جسٹن ٹروڈو کے ساتھ رومانس کی روداد اشارے کنایوں میں بتادی
حالیہ مہینوں میں یہ جوڑا کئی عوامی مقامات اور تقریبات، بشمول ورلڈ اکنامک فورم اور کوچیلا میوزک فیسٹیول میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، جس نے ان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربتوں کی تصدیق کردی ہے۔

کیٹی پیری اس سے قبل برطانوی اداکار اورلینڈو بلوم کے ساتھ طویل عرصے تک تعلق میں رہی ہیں، جبکہ جسٹن ٹروڈو نے 2023 میں اپنی اہلیہ سوفی گریگوائر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔














