ایران نے فریڈم پراجیکٹ میں رکاوٹ ڈالی تو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، صدر ٹرمپ کی تہران کو دھمکی

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے فریڈم پراجیکٹ میں رکاوٹ ڈالی تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائےگا۔

امریکی میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے مذاکرات کے دوران خاصی لچک دکھائی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی فوج کا آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والی 6 ایرانی کشتیاں تباہ کرنے کا دعویٰ

انہوں نے مزید کہاکہ خطے میں امریکا کی عسکری تیاری مکمل ہے اور اس کے پاس جدید ہتھیار، گولہ بارود اور دیگر ضروری سازوسامان موجود ہے۔

ان کے بقول دنیا بھر میں قائم امریکی اڈے مکمل طور پر لیس ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان وسائل کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہاکہ ایران نے غیرمتعلقہ ممالک کے جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں ایک جنوبی کوریائی کارگو جہاز بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جنوبی کوریا بھی اس مشن میں شامل ہو جائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امریکی فورسز نے ایران کی جانب سے استعمال کیے جانے والی 7 چھوٹی کشتیوں کو مار گرایا ہے، جنہیں وہ فاسٹ بوٹس کہتے ہیں، اور بقول ان کے ایران کے پاس اب یہی وسائل باقی رہ گئے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید بتایا کہ جنوبی کوریائی جہاز کے علاوہ اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

انہوں نے اعلان کیاکہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کل صبح اس معاملے پر ایک پریس کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری جنگ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے جہاں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے خلیج عرب میں تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے والی ایران کی 6 چھوٹی کشتیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق یہ آپریشن فوجی ہیلی کاپٹروں اور گائیڈڈ میزائل ڈیسٹرائرز کی مدد سے اس وقت کیا گیا، جب ایرانی فورسز نے امریکی تحفظ میں موجود جہازوں کی جانب کروز میزائل، ڈرونز اور کشتیاں روانہ کیں، تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام خطرات کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران جنگ بندی پر نیا مؤقف، جنگی اختیارات کی ڈیڈلائن سے متعلق وضاحت

 دوسری جانب ایران نے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دیا ہے، البتہ ایرانی سرکاری میڈیا نے یہ تسلیم کیا ہے کہ ان کی بحریہ نے امریکی جنگی جہازوں کی علاقے میں آمد پر ان کے قریب انتباہی فائرنگ کی اور کروز میزائل و ڈرونز داغے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp