ستھرا پنجاب سے زیادہ میرے دل کے قریب کوئی منصوبہ نہیں، مریم نواز، کوڑے کی نشاندہی کے لیے ’اے آئی‘ نظام متعارف

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں کوڑے کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ’سمارٹ صفائی‘ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت کے میڈیا ونگ کے مطابق اس نظام کے تحت اے آئی سے لیس موٹر بائیکس فیلڈ میں کام کریں گی جو خودکار کیمروں کے ذریعے کوڑے کی نشاندہی کریں گی۔ یہ بائیکس لائیو امیج کیپچرنگ اور ریئل ٹائم فیلڈ ویژبیلٹی فراہم کریں گی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کی ’ستھرا پنجاب‘ ماڈل میں دلچسپی، مریم نواز سے تعاون طلب کرلیا

پنجاب بھر میں ’ستھرا پنجاب‘ کے تحت اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے 40 ہزار گاڑیوں اور 1 لاکھ 76 ہزار ملازمین کی نگرانی کی جائے گی۔ مسلسل مانیٹرنگ کے لیے بائیکس اور سسٹمز پر خصوصی ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے۔

عید الاضحیٰ کے لیے صفائی انتظامات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحیٰ سے قبل ’سمارٹ صفائی‘ کے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر ویسٹ کلیکشن سینٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی جبکہ آلائشیں اٹھانے کے لیے خصوصی بیگز فراہم کیے جائیں گے۔

ویسٹ کلیکشن سینٹرز کے علاوہ کسی بھی جگہ پر آلائشیں یا کوڑا پھینکنے پر آن سپاٹ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ عید کے دوران صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے انتظامات کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

مانیٹرنگ، ڈیجیٹل نظام اور انتظامی اصلاحات

ستھرا پنجاب کے تحت ڈیجیٹل میپنگ اور بیٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ گروگرام میں پہلی بار اے آئی بیسڈ کمپلینٹ سیل قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 1139 ہیلپ لائن کو سنٹرلائزڈ کر دیا گیا ہے تاکہ 24 گھنٹے شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔

گھوسٹ ملازمین اور غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 70 فیصد ملازمین کی فزیکل ویریفیکیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی اگلے ہفتے مکمل ہوگی۔ حاضری لگانے کے بعد غیر حاضر رہنے والوں کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے گی۔

مزید برآں ڈیلی فیلڈ وزٹ، سرپرائز انسپیکشنز اور نئی موبائل ایپ کے ذریعے فزیکل ویریفیکیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ ڈور ٹو ڈور صفائی مہم کی کارکردگی کو بھی فزیکل ویریفیکیشن سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

ڈیپ کلیننگ کے تحت 10 ہزار 365 پوائنٹس کلیئر کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 2029 حاضری پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے اجلاس اور ہدایات

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ستھرا پنجاب سے متعلق اجلاس میں اے آئی بیسڈ آپریشنز، مالی معاملات اور ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے گھوسٹ ملازمین اور غیر حاضری پر سخت کارروائی کا حکم دیا۔

انہوں نے کہاکہ ستھرا پنجاب سے زیادہ میرے دل کے قریب کوئی منصوبہ نہیں۔ صفائی نصف ایمان ہے صرف ایک جملہ نہیں بلکہ اجتماعی سوچ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی گھر گندا ہو تو مکینوں کی عدم دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔ اور یہ کہ صاف ستھرا صوبہ شہری شعور اور ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کے مطابق ستھرا پنجاب ایک سماجی تبدیلی کا منصوبہ ہے اور یہ حکومت و عوام کے درمیان اعتماد کا نظام ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ منصوبے میں کرپشن یا سیاسی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی، اور کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کے لیے اس نظام میں جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کرنے والے اہلکار “ہیرو” ہیں اور ان کی عزت و احترام ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کا ’ستھرا پنجاب‘ کے ورکرز کو راشن کارڈ دینے کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب کوئی ڈیسک جاب نہیں بلکہ مکمل فیلڈ ورک ہے، اور یہ بھی کہ جدید ٹیکنالوجی کے باوجود فزیکل وزٹ لازمی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں صفائی کے معیار کو مستقل اور یکساں رکھا جائے اور ہر شہری تک بنیادی صفائی کی سہولت پہنچائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp