ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا دورہ چین، مشرق وسطیٰ بحران پر سفارتی کوششیں تیز

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بدھ 6 مئی کو چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ چینی قیادت کی دعوت پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چین کے ساتھ تعلقات بہتری کی جانب گامزن، لڑنا سود مند نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہو رہی ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران عراقچی اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی مہر نے بھی اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں اہم سفارتی امور زیر بحث آئیں گے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ دورہ چین کی تیاریاں بھی جاری ہیں جہاں وہ 14 مئی سے چینی صدر شی جن پنگ سے دو روزہ سربراہی ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیے: ٹرمپ کا ’پراجیکٹ فریڈم ‘ کیا ہے؟ مزید تفصیلات سامنے آگئیں

ادھر ایران اور امریکا کے درمیان خطے کے تنازع کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران سے براہ راست اور غیر رسمی دونوں سطحوں پر رابطے میں ہے تاکہ آبنائے ہرمز میں صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی حالیہ بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کے واقعات واضح کرتے ہیں کہ سیاسی بحران کا کوئی فوجی حل نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سفارتی عمل جاری رہنا چاہیے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔

مزید پڑھیں: ایران نے فریڈم پراجیکٹ میں رکاوٹ ڈالی تو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، صدر ٹرمپ کی تہران کو دھمکی

پاکستان بھی اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد نے ماضی میں ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت فراہم کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp