روبوٹس کے لیے اجرت طے کرنے کی تجویز، آخر یہ معاملہ کیا ہے؟

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک ٹیکنالوجی ماہر نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت یا اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے اثرات کے لیے سیاستدان ابھی تک تیار نہیں ہیں اور اگر کمپنیوں سے اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر فیس یا ٹیکس لیا جائے تو ملازمتوں میں کمی کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کی تیز رفتار پیش قدمی سے کونسی ملازمتیں خطرے میں؟ بل گیٹس نے بتا دیا

بی بی سی کے مطابق ویلز سے تعلق رکھنے والے ٹیک انٹرپرینیور چارلس ریڈکلف کا کہنا ہے کہ پالیسی ساز اے آئی کے اثرات کی رفتار اور وسعت کو صحیح طور پر سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی نے ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو دفتری کام، جیسے فارم بھرنا اور ڈیٹا انٹری چند سیکنڈز میں مکمل کر سکتا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اے آئی کے استعمال پر ایک طرح کا ٹیکس یا روبوٹس کے لیے کم از کم اجرت مقرر کی جائے تاکہ حکومت کے پاس یہ اختیار ہو کہ وہ ضرورت پڑنے پر اس ٹیکنالوجی کے استعمال کو محدود کر سکے۔

ان کے مطابق جب بھی کمپنی اے آئی سے کام کرواتی ہے تو درحقیقت ایک انسانی ملازمت ختم ہو کر ڈیٹا سینٹر میں منتقل ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھیے: اے آئی کے بڑھتے اثرات، خواتین کی ملازمتیں اگلے 10 سال میں ختم ہو جائیں گی؟

ریڈکلف کے مطابق بعض کام جو انسانوں کو مکمل کرنے میں ہفتوں لگتے ہیں وہی کام اے آئی صرف چند سیکنڈز میں کر لیتا ہے جس کے باعث خاص طور پر دفتری ملازمین کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں کچھ افراد طویل عرصے تک بے روزگار بھی ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اے آئی کے اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور معیشت میں تبدیلی کے ساتھ فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت ایک نیا ادارہ قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جو اے آئی کے معاشی اثرات کا جائزہ لے گا۔

مزید پڑھیں: اے آئی چیٹ بوٹ ’اپنی والدہ‘ کو یاد کرکے جذباتی، صارفین دنگ

ادھر بعض صنعتکاروں کا مؤقف اس سے مختلف ہے۔ ایک برطانوی کمپنی کے سربراہ اولیور کونگر کے مطابق اے آئی اور آٹومیشن سے پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ ٹیکنالوجی ملازمین کو تبدیل کرنے کے بجائے ان کے کردار کو بدل رہی ہے۔ ان کے مطابق ملازمین کو نئی مہارتیں سکھا کر مختلف شعبوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے درمیان اس بات پر بحث جاری ہے کہ آیا اے آئی پر فوری طور پر ٹیکس لگایا جائے یا پہلے اس کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔ تاہم اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی آنے والے برسوں میں معیشت اور روزگار کے ڈھانچے کو نمایاں طور پر تبدیل کر سکتی ہے۔

روبوٹس کی اجرت سے مراد کیا ہے؟

روبوٹس کے لیے کم از کم اجرت سے مراد یہ نہیں کہ روبوٹس یا مصنوعی ذہانت کو واقعی تنخواہ دی جائے گی۔ دراصل اس اصطلاح کا مطلب یہ ہے کہ جو کمپنیاں اے آئی یا آٹومیشن استعمال کرتی ہیں ان پر ایک مخصوص ٹیکس یا فیس عائد کی جائے بالکل اسی طرح جیسے وہ انسانی ملازمین کو اجرت دیتی ہیں۔

اس پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ اگر کمپنیاں بڑی تعداد میں انسانی ملازمین کی جگہ اے آئی استعمال کریں تو وہ حکومت کو اس کے بدلے کچھ رقم ادا کریں جو پھر حکومت عوامی فلاح، بے روزگار افراد کی مدد اور نئی مہارتیں سکھانے جیسے پروگرامز پر خرچ کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’ٹیکن فار گرانٹڈ‘ والا معاملہ اے آئی میں بھی؟ زیادہ دوستانہ چیٹ بوٹس کم قابل بھروسا، نئی تحقیق

یوں اس تجویز کا اصل ہدف روبوٹس کو تنخواہ دینا نہیں بلکہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے اثرات کو متوازن کرنا اور انسانی روزگار کو کسی حد تک تحفظ فراہم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

آئی ایم ایف آج پاکستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی آئندہ قسط کی منظوری دیدے گا، وزیر خزانہ

بنگلہ دیش: انتخابات کے بعد سیاسی نظام کو کمزور کرنے کی کوششیں جاری ہیں، فخرالاسلام

ہنگو میں 100 سے زائد دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی

انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے سے 3 کوہ پیما ہلاک، 10 لاپتا

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، اسلام آباد ٹریفک پولیس کا منفرد اقدام

ویڈیو

معرکہ حق کا ایک سال: راجہ بازار راولپنڈی کے شہریوں کا مودی کو سخت پیغام

اگر پھر بھارتی جارحیت ہوئی تو جواب ’معرکۂ حق‘ کی طرح دیا جائے گا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

آئندہ بجٹ میں آٹو سیکٹر کو ٹیکس ریلیف دینے کی تیاری، گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان

کالم / تجزیہ

کتابوں کا عاشق افسانہ نگار

7مئی: انڈیا تین میں، نہ تیرہ میں

شہنشاہِ ہجر شو کمار بٹالوی