برطانوی شاہی خاندان میں ایک بار پھر تناؤ کی خبریں سامنے آ گئی ہیں جہاں شہزادہ ہیری نے اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے لیے اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری برطانیہ واپسی سے قبل اپنی اہلیہ کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ وہ اپنے والد بادشاہ چارلس سے براہِ راست بات چیت کے خواہاں ہیں تاکہ ممکنہ تنازعات سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: شاہ چارلس سے براہِ راست بات کرنے کا موقع ملتا تو کوہِ نور ہیرا واپس کرنے کا مطالبہ کرتا، میئر نیویارک
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بادشاہ چارلس رواں موسمِ گرما میں ہیری کے بچوں آرچی اور لیلی بیٹ کو برطانیہ میں خوش آمدید کہنے کے لیے پُرامید ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میگھن مارکل بھی بچوں کے ہمراہ برطانیہ آ سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ان کی اہلیہ کو برطانیہ میں منفی رویوں یا تنقید کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی مقصد کے لیے وہ اپنے والد سے ’صاف گوئی پر مبنی‘ بات چیت کرنا چاہتے ہیں تاکہ معاملات پہلے ہی طے ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیے: ’ٹرمپ ہنس تو رہے ہیں مگر انہیں مطلب سمجھ نہیں آیا‘،کنگ چارلس کے طنز پر صارفین کے دلچسپ تبصرے
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری ایک مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، ایک طرف وہ اپنے والد کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، جبکہ دوسری جانب وہ اپنی اہلیہ کو ممکنہ تنقید اور تنازعات سے بچانا بھی چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2027 میں انویکٹس گیمز برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہوں گے، جن کی میزبانی شہزادہ ہیری کریں گے، اور وہ اس موقع پر شاہی خاندان کی شرکت کے بھی خواہاں ہیں۔













