امریکا ایران مذاکرات میں پیشرفت کی خبروں پر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں

بدھ 6 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے قریب پہنچنے اور ’پروجیکٹ فریڈم‘ کی عارضی معطلی کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 12 فیصد تک کمی رپورٹ کی گئی ہے۔

برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 97 ڈالر تک آ گئی ہے، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ اسی طرح یو اے ای کے مربن خام تیل کی قیمت بھی 99 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادھر عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھا گیا ہے، جہاں ایشیائی اور یورپی مارکیٹس میں تیزی آئی۔ کوریا کا کاسپی انڈیکس 6 فیصد سے زیادہ بڑھا، جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 2 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

ایک موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس 3 ہزار 896 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 68 ہزار 638 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔

اسی طرح یورپ کی بڑی مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان رہا، جہاں جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی اسٹاک مارکیٹس میں ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp