معرکہ حق کا ایک سال مکمل: ’پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا‘

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام، سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے پاک فوج کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ جانوں کے نذرانے پیش کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی شاندار کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے اور پاکستانی پاسپورٹ کی عزت و توقیر کو مزید مضبوط کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل: کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت سے دیا جائےگا، پاک فوج کا دشمن کو پیغام

صارفین کے مطابق پاک فوج نہ صرف ملکی دفاع میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھا رہی ہے۔ عوام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

جاوید اختر لکھتے ہیں کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر پاک افواج، خصوصاً پاک فضائیہ کو سلام۔ یہ معرکہ قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید جنگی حکمتِ عملی کی روشن مثال ہے۔ پاک فضائیہ نے ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہم نے صلاح الدین ایوبی کو نہیں دیکھا، ہم نے غزوہ بدر کو نہیں دیکھا صرف کتابوں میں پڑھا ہے لیکن ہم نے پاکستانی فوج کو لڑتے دیکھا ہے۔ یہ صرف پاکستان کی نہیں امت مسلمہ کی فتح ہے۔

اظہر نسیم کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب زیادہ سخت ہوگا۔

اسد خان نے انڈیا کو یاد دلاتے ہوئے لکھا کہ پاکستان ایئر فورس نے بھارتی فضائیہ کے 6 جہاز مار گرائے تھے۔

ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی عظیم کامیابی کو آج ایک سال مکمل ہوگیا، مگر قوم کے دلوں میں وہ ولولہ، وہ جذبہ اور وہ فخر آج بھی اسی شدت سے زندہ ہے۔ یہ صرف ایک معرکہ نہیں تھا، یہ حق، غیرت، ایمان اور وطن سے محبت کی وہ داستان تھی جس نے پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل، مظفرآباد میں پروقار تقریب، ’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘ کے نعروں کی گونج

معرکۂ حق ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ جب ایمان مضبوط ہو، نیت پاک ہو اور قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو تو کوئی طاقت پاکستان کو جھکا نہیں سکتی۔ یہ وطن شہداء کی امانت ہے، غازیوں کی غیرت ہے اور شاہینوں کی پرواز کا وقار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہر جوان کو سلام، جنہوں نے اپنے خون، اپنی جرات اور اپنی وفاداری سے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا کیونکہ اس کے محافظ جاگ رہے ہیں۔

ایک اور صارف نے کہا کہ دشمن کے ہر وار کا جواب دینے کے لیے ہم تیار ہیں۔ ’معرکہ حق‘ حق اور باطل کے درمیان وہ لکیر ہے جہاں فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ دشمن کے غرور کا انجام عبرتناک ہوگا۔

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور پختہ عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔ افواج کے مطابق معرکۂ حق کے دوران دشمن نے پاکستان کی عسکری قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کی صورت میں جواب پہلے سے زیادہ سخت، فوری اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا جبکہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان ہر سطح پر مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp