بنگلہ دیشی حکومت کا ایک لاکھ طلبا و طالبات کو مفت سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش حکومت نے سرکاری پرائمری اسکولوں کے طلبہ کو مفت اسکول بیگز، یونیفارمز اور جوتے فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام تعلیمی سہولیات کی بہتری اور طلبہ کی فلاح کے لیے شروع کیے جانے والے نئے پروگرام کا حصہ ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیرِ مملکت برائے پرائمری و عوامی تعلیم بوبی حجاج نے کہا ہے کہ وزیراعظم طارق رحمان نے ہدایت کی ہے کہ پرائمری اسکولوں کے بچوں کو جوٹ سے تیار کردہ اسکول بیگز، یونیفارمز اور جوتے مفت فراہم کیے جائیں، جس پر وزارت نے عملی کام بھی شروع کر دیا ہے۔

یہ اعلان ڈھاکا میں وزارتِ تعلیم کے تحت ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں چمڑے کی مصنوعات اور جوتے تیار کرنے والی معروف کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں طلبہ کو یہ سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ مملکت نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ایک پائلٹ منصوبہ شروع کیا جائے گا، جس کے تحت پہلی جماعت کے طلبہ کو معیاری اسکول جوتے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بڑی کارپوریٹ کمپنیاں اپنے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) پروگرامز کے تحت اس منصوبے میں تعاون کریں گی۔

بوبی حجاج کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ یہ اقدام صرف اشیاء تقسیم کرنے تک محدود نہ رہے بلکہ بچوں کو باوقار اور جامع سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ بنے۔‘

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعات کے معیار، ڈیزائن اور تیاری کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزارت کے مطابق پائلٹ مرحلے میں ہر تحصیل کے دو سرکاری پرائمری اسکولوں کی پہلی جماعت کے طلبہ کو شامل کیا جائے گا، جس سے ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ بچے مستفید ہوں گے۔

حکام نے بتایا کہ منصوبے کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی، جس میں وزارتی حکام، ماہرین، لیدر انسٹیٹیوٹس، انجینئرنگ جامعات اور متعلقہ کمپنیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی مصنوعات کے معیار اور سرٹیفکیشن کے اصول مرتب کرے گی، جبکہ تمام اشیاء کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن اور منظور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش کا 6 جوٹ ملیں لیز پر دینے کا فیصلہ، ہزاروں ملازمتیں متوقع

وزیرِ مملکت نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے 180 روزہ ایکشن پلان کے تحت پائلٹ منصوبہ جلد شروع کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریک کمپنیاں بڑے پیمانے پر جوتے تیار کرنے کی مطلوبہ صلاحیت رکھتی ہیں۔

اجلاس میں بنگلہ دیش کی معروف کمپنیوں، جن میں باٹا بنگلہ دیش، ایپکس فٹ ویئر، پی آر اے این-آر ایف ایل گروپ اور بشندھرا گروپ شامل ہیں، کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ وزارتِ پرائمری و عوامی تعلیم کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp