فاتحہ خوانی کی تقریب میں کراس فائرنگ کیس، سپریم کورٹ نے مجرم کو بری کر دیا

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے فاتحہ خوانی کی تقریب کے دوران 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم راجا باسط عرف عبدالباسط کو بری کر دیا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ فاتحہ خوانی کی تقریب جاری تھی کہ پہلے سے موجود گروپ کے گن مین نے فائرنگ شروع کی، جس کے بعد دفاع میں جوابی فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جام مہتاب حملہ کیس، سپریم کورٹ نے ملزمان کی ضمانت کی توثیق کر دی

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کراس فائرنگ کے معاملے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسا فارمولا اب بدنام ہو چکا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ گن مین نے فائرنگ کیوں کی؟ کیا وہ جنگ بچا رہا تھا؟

انہوں نے ریمارکس دیے کہ وہ سمجھتے تھے کہ صرف بلوچستان میں فائرنگ سے قتل ہوتے ہیں، یہاں تو پورے خاندان قتل ہو جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جام مہتاب حملہ کیس، سپریم کورٹ نے ملزمان کی ضمانت کی توثیق کر دی

جسٹس ہاشم کاکڑ نے مزید کہا کہ اگر ایک پارٹی فاتحہ خوانی کر رہی تھی تو آپ بھی اپنی فاتحہ خوانی کرتے، تھپڑ کا جواب فائرنگ سے کہاں دیا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فائرنگ کا آغاز گن مین نے کیا اور اس نے 8 گولیاں چلائیں۔ یہاں 50 پچاس لوگ مسلح ہوتے ہیں، کہاں کا انصاف ہے؟

عدالت کو بتایا گیا کہ واقعے میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ ہوئی اور تقریباً 150 گولیاں چلائی گئیں۔

مزید پڑھیں: عدالتوں میں اے آئی کے استعمال کی منظوری، سپریم کورٹ نے قومی گائیڈ لائنز جاری کر دیں

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ دفاع ضرور کیا گیا لیکن اشتعال کا مظاہرہ زیادہ ہوا۔

مقدمے کے مطابق فاتحہ خوانی کی تقریب کے دوران ذاتی دشمنی کی بنا پر 2 گروپوں میں تصادم ہوا تھا۔

پہلے سے موجود گروپ کے گن مین نے مخالف فریق پر فائرنگ کی، جبکہ جوابی فائرنگ میں گن مین سمیت مخالف گروپ کے مجموعی طور پر 3 افراد مارے گئے تھے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے عبدالباسط کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp