کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول میتھمیٹکس کے ایک امتحانی پرچے کے لیک ہونے کی تصدیق کے بعد اسے باضابطہ طور پر منسوخ کرتے ہوئے متاثرہ طلبہ سے دوبارہ امتحان لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے لیول امتحانات کی ساکھ کو خطرہ، بزنس اسٹڈیز کا پرچہ لیک ہونے کی اطلاعات
ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میتھمیٹکس کا پرچہ 9709/12، جو 29 اپریل 2026 کو ایڈمنسٹریٹو زون 3 اور 4 میں منعقد ہوا تھا امتحان سے پہلے غیر قانونی طور پر شیئر کیا گیا۔ تحقیقات کے بعد کیمبرج نے قرار دیا کہ پرچہ اس حد تک متاثر ہو چکا ہے کہ اسے نتائج کی تیاری کے لیے استعمال کرنا ممکن نہیں۔
کیمبرج کے مطابق متاثرہ امیدواروں کے لیے متبادل امتحان 9 جون 2026 کو لیا جائے گا جبکہ اس کے لیے طلبہ یا اسکولوں سے کسی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ نتائج حسبِ معمول 11 اگست 2026 کو ہی جاری کیے جائیں گے اور کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ امتحانی مواد کے غیر مجاز تبادلے اور پرچہ لیک کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ حکام سے بھی تعاون لیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیے: پاکستانی طلبہ کو پہلی بار کیمبرج کے امتحانی پرچوں کے اسکرپٹس دیکھنے کی اجازت
کیمبرج نے خبردار کیا کہ امتحانی پرچوں کو شیئر کرنے یا ان کے غلط استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں ادارے کے تمام امتحانات سے مستقل نااہلی بھی شامل ہے۔
ادارے کے مطابق امتحانی بورڈز کو اکثر سوشل میڈیا پر پرچے لیک ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں تاہم بیشتر دعوے غلط ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن اس معاملے میں شواہد اور تحقیقات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ پرچہ امتحانی معیار اور شفافیت کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔
BREAKING: Cambridge International has cancelled the leaked AS Level Maths Paper 12 (9709/12) after confirming it was shared before the exam. All affected students will sit a replacement paper on 9 June 2026. Cambridge says grades will still be issued normally and promises no… pic.twitter.com/ATNEhSznKm
— Faizan Lakhani (@faizanlakhani) May 7, 2026
کیمبرج نے مزید بتایا کہ 15 مئی تک تمام متعلقہ اسکولوں کو نئے امتحان کے انتظامات، سوالیہ پرچوں کی ترسیل اور دیگر ضروری ہدایات فراہم کر دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: اے لیول کے پرچے لیک ہونے کے اعتراف کے باوجود کیمرج کا دوبارہ امتحان نہ لینے کا فیصلہ
بیان کے اختتام پر طلبہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی توجہ باقی امتحانات پر مرکوز رکھیں، جبکہ ادارہ امتحانی نظام کی ساکھ اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔














