آزاد کشمیر میں عام انتخابات سے قبل گہما گہمی عروج پر ہے اور سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کل (8 مئی) لاہور میں ن لیگ آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس مسلم لیگ ن کے سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں کل دن 11 بجے طلب کیا ہے۔ نواز شریف پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے بعد ٹکٹ کے لیے درخواستیں دینے والے لیگی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن، نواز شریف نے اہم اجلاس طلب کر لیا
اس سے قبل نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس مظفرآباد میں طلب کیا تھا، تاہم اچانک دورہ منسوخ کرکے لیگی قیادت کو لاہور بلا لیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر، مشتاق منہاس اور طارق فاروق سمیت سینئر لیگی قیادت لاہور پہنچ چکی ہے، جبکہ ٹکٹ کے لیے درخواستیں دینے والے امیدوار بھی لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کا ٹکٹ ہاٹ فیورٹ ہے، جس کی مثال یہ دی جا سکتی ہے کہ وزیراعظم فیصل راٹھور کی کابینہ کے کئی وزرا ن لیگ کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور ٹکٹ کی یقین دہانی پر وزارت سے مستعفی ہوکر ن لیگ میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیصل راٹھور کی کابینہ کے 2 اہم رکن چوہدری رشید اور دیوان چغتائی ن لیگ میں شمولیت کے لیے متحرک ہیں، تاہم ان کا تعلق ایک ہی حلقے سے ہے، جس کے باعث کسی ایک امیدوار کو ہی ن لیگ میں جگہ مل سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی، الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی شکایت پر حکومت سے جواب طلب کرلیا
اس سے قبل آزاد کشمیر کی لیگی قیادت نے ٹکٹ کے لیے درخواستیں دینے والوں کے انٹرویوز کرکے کچھ نام شارٹ لسٹ کیے تھے، تاہم اب حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
دوسری جانب نواز شریف نے گلگت بلتستان کے الیکشن میں ٹکٹ ہولڈرز کے ناموں کی منظوری دے کر لسٹ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے حوالے کردی ہے، اور اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں ٹکٹ ہولڈرز کے ناموں کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت آزاد کشمیر کے کچھ اہم حلقوں میں ٹکٹوں کے معاملے پر اختلافات ہیں، اور اس کا حتمی فیصلہ نواز شریف پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان حلقوں میں وسطی باغ، مظفرآباد حلقہ پانچ کھاوڑہ، حلقہ ایل اے 10 سٹی 3 کوٹلی شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ ہوگا، کیوں کہ پی ٹی آئی مقابلے کی پوزیشن میں نہیں۔
الیکشن سے عین قبل پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں کئی گروپ متحرک ہو چکے ہیں، پارٹی کے ایک گروپ نے پارلیمانی بورڈ پر ہی عدم اعتماد کردیا ہے، اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے گھر کے باہر احتجاج بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کا سسٹم پر اعتماد بحال کردیا، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرےگی، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور
موجودہ صورت حال میں پی ٹی آئی صرف ایل اے 18 پونچھ عباسپور کی نشست پر مقابلے کی پوزیشن میں ہے، جہاں سے موجودہ صدر پی ٹی آئی عبدالقیوم نیازی ممبر اسمبلی ہیں، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ن لیگ نے اس حلقے میں ٹکٹ میرٹ پر دیا اور پارٹی متحد رہی تو پی ٹی آئی اس نشست سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے گی۔
واضح رہے کہ 2016 کے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی آزاد کشمیر بھر سے الیکشن ہار گئی تھی، اور کسی ایک نشست پر بھی کامیابی نہیں ملی تھی۔














