بی سی بی کیساتھ مثبت ملاقاتیں، پاکستان تمام بڑی ٹیموں کیساتھ کھیلنے کا خواہاں ہے، محسن نقوی

ہفتہ 9 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سینیٹر محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ایشیا کپ 2027 اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی جمعہ کو ڈھاکا پہنچے جہاں بنگلہ دیشی حکام اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز، قومی ٹیم نے ایک وکٹ پر 179 رنز اسکور کرلیے

محسن نقوی، جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں، نے ملاقاتوں میں 2027 میں بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا کپ کے انتظامات اور خطے میں کرکٹ سرگرمیوں کے فروغ پر گفتگو کی۔

چیئرمین پی سی بی نے بعد ازاں شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز کا کھیل بھی دیکھا۔ اس موقع پر بنگلادیش کے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ حکام کے ساتھ ملاقاتیں مثبت اور مفید رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے ٹور پروگرام کے تحت پاکستان تمام بڑی ٹیموں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ڈھاکا میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی قبر پر حاضری

اپنے دو روزہ دورۂ ڈھاکا کے دوران چیئرمین پی سی بی نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمیم اقبال اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے دیگر حکام بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp