پاکستان غیرت مند قوم، جارحیت سے جھکایا نہیں جاسکتا، وزیراعظم کا معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پیغام

ہفتہ 9 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شہباز شریف نے ‘معرکۂ حق’ کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجا لانے، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قومی عزم و استقامت کی تجدید کا دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں جرات، حکمتِ عملی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر مسلح افواج کے مربوط ردِعمل نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔

یہ بھی پڑھیے: معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت ثابت کردی، مریم نواز کا وزیراعظم اور افواج پاکستان کو خراج تحسین

اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند مگر باوقار اور غیرت مند قوم ہے، جسے کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا اور ملک اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس ہے۔

شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب، کامیابی کو ایک سال مکمل

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، استحکام اور علاقائی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ دارانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp