ویمنز ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو وائٹ واش کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی

ہفتہ 9 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف تیسرا ون ڈے 9 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ قومی ٹیم نے تینوں میچز اپنے نام کرتے ہوئے سیریز 0-3 سے جیتی اور ساتھ ہی آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپئن شپ کے 6 اہم پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔

بیلوفڈ بیزا 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ کیلس نے 51، کپتان نومویلو سنانڈا نے 35 اور ایڈل نے 23 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے تسمیہ ارباب نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیدہ عروب شاہ اور عائشہ ظفر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مومنہ ریاست کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر شاندار آغاز کیا۔ اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے پہلی وکٹ کے لیے 220 رنز کی زبردست شراکت قائم کی، جو 31.3 اوورز میں صدف شمس کے آؤٹ ہونے پر اختتام پذیر ہوئی۔ صدف شمس نے 98 گیندوں پر 90 رنز بنائے جس میں 13 چوکے شامل تھے۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 31.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گل فیروزہ 106 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، انہوں نے 92 گیندوں پر 16 چوکے لگائے، جبکہ منیبہ علی 4 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔

گل فیروزہ نے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین سینچری کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے 83 گیندوں پر سینچری مکمل کی، جبکہ اس سے قبل گزشتہ میچ میں 93 گیندوں پر سینچری بنا کر سدرہ امین کا 102 گیندوں کا ریکارڈ توڑا تھا۔

گل فیروزہ اور صدف شمس نے پوری سیریز میں مسلسل تین میچز میں پہلی وکٹ کے لیے مجموعی طور پر 571 رنز کی شراکت قائم کرکے بھارتی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

دونوں نے پہلے میچ میں 162، دوسرے میں 189 اور تیسرے میں 220 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

سیریز کے دوران گل فیروزہ نے 50، 100 اور 106 رنز اسکور کیے، جبکہ صدف شمس نے 98، 101 اور 90 رنز کی اننگز کھیلیں۔ گل فیروزہ کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کے اعزازات سے نوازا گیا۔

پاکستان نے اس میچ میں دو تبدیلیاں کیں، کپتان فاطمہ ثنا اور سدرہ امین کو آرام دیا گیا، جبکہ منیبہ علی اور نتالیہ پرویز کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ منیبہ علی نے اس میچ میں ٹیم کی قیادت بھی کی۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپیئن شپ کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا، جبکہ ٹیم کے مینٹور اور ہیڈ کوچ نے یہ فتح پاکستان کی مسلح افواج کے نام کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp