پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع کے لیے گلاف الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے یعنی گلاف کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیشپر گلیشیئر سرکنے سے انسانی آبادی کو خطرہ لاحق، ماہرین نے وارننگ جاری کردی
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت مختلف بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے اور ہنگامی مشقیں کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
GLOF Alert for Northern Pakistan as Rain-Wind/Thunderstorm Increases Flood Risk in Glaciated Valleys. #GLOFAlert #PMD #PakistanWeather #FlashFlood #GlacialFlood #KPWeather #GilgitBaltistan #ClimateAlert #RainAlert #FloodRisk #DisasterManagement pic.twitter.com/eWgs7JSPtY
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) May 11, 2026
ساتھ ہی محفوظ انخلائی مراکز فعال رکھنے اور ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں، دریاؤں اور پہاڑی گزرگاہوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جبکہ کم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کیا موسمیاتی تبدیلی سے کوہ پیمائی مزید مشکل ہوتی جارہی ہے؟
پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کے گرنے کی غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقام کی جانب منتقل ہو جائیں۔
حساس علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند مقامات پر منتقل کرنے اور کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: موسمیاتی تغیر سے چترال کی خواتین کس طرح متاثر ہورہی ہیں؟
ادھر این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔














